مڈل اور پرائمری اسکول کھولنے کے شیڈول میں تبدلی کی خبریں، پنجاب حکومت نے صورتحال واضح کردی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہونے کے بعد صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں سکولز کھولنے کے شیڈول میں تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں صوبائی وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔مڈل اور پرائمری سکول کھولنے کے شیڈول میں تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے پر مذکورہ تعلیمی اداروں کو سیل کیا جا رہا ہے، طلباء اساتذہ اور ان کی فیملیز کی صحت ہر حال میں یقینی بنائیں گے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے دوبارہ بند کرنے کاجلد بازی میں لیا گیا فیصلہ تدریسی عمل کوتباہ کر دے گا ۔تعلیمی ادارے کھولنے سےمتعلق فیصلہ سوچ بچاراوراحتیاط کےساتھ کیاگیا ، چھ ماہ سےتدریسی عمل کی بندش نے طلبا کوبری طرح متاثرکیا ، کوئی بھی فیصلہ لینے سے پہلے وزارتِ صحت کا مشورہ لیں گے، کیونکہ طلبا کی صحت ہماری پہلی ترجیح ہے ۔ وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے 23 ستمبر کوسکول نہ کھولنے کے سندھ حکومت کے فیصلے کی مخالفت کردی، انہوں نے کہا کہ سعید غنی پہلے مشورہ کرلیتے تو اچھا ہوتا، دوسرے مرحلے میں کلاسز 23 ستمبر سے ہی شروع ہوں گی، شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، 22 ستمبر کو این سی اوسی کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔یاد رہے سندھ حکومت نے 21 ستمبر سے سکول کھولنے کا فیصلہ مئوخر کردیا ہے۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگرصورتحال بہتر رہی تو 28 ستمبر کو مڈل کلاسز کو بلا سکتے ہیں۔ 28 ستمبر میں ابھی وقت ہے، اس حوالے سے مزید سوچ بچار اور غور کریں گے۔ کسی بچے کو وائرس ہوگیا تو وائرس بہت تیزی سے پھیل سکتا ہے۔ سندھ حکومت صوبے کے بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ گزشتہ چار روز میں مختلف سکولوں کا دورہ کیا لیکن وہاں ایس اوپیز پر عمل نہیں ہورہا۔ کاروباری مراکز میں بھی ایس اوپیز پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے۔ وفاقی حکومت کو بھی صورتحال سے آگاہ کردیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں