یکم جنوری 2021 تک لاہور پولیس، نیویارک پولیس بن جائے گی، سی سی پی او لاہورکا بڑا اعلان

لاہور(نیوز ڈیسک)سی سی پی او لاہور پولیس عمر شیخ نے کہا ہے کہ یکم جنوری 2021 تک لاہور پولیس، نیویارک پولیس بن جائے گی، ریکارڈ یافتہ قبضہ گروپوں کیخلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کی تیاری مکمل کرلی ہے، قبضہ گروپ کیخلاف کریک ڈاؤن کیلئے اصل ٹیم آپریشن ونگ ہے۔ تفصیلات کے مطابق کیپٹل سٹی پولیس آفیسر عمر شیخ کی زیر صدارت پولیس افسران کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔جس میں قبضہ گروپوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیلئے لائحہ عمل بنایا گیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق احمد خان، ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزاد نے شرکت کی جبکہ ایس پی سٹی تصور اقبال سمیت تمام ڈویژنل

افسران بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں اگست 2018ء سے اگست 2020ء تک کے قبضہ گروپوں کا ریکارڈ پیش کیا گیا اور سی سی پی او کو بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں پولیس افسران نے اشتہاری قبضہ گروپوں کے ریکارڈ اور مقدمات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ریکارڈ یافتہ ملزمان کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کی تیاری مکمل کر لی ہے۔سی سی پی او لاہور نے قبضہ گروپوں کو گرفتار کرنے کیلئے تمام ڈویژنل افسران کو 31 اکتوبر تک کی مہلت دی ہے انہوں نے کہا کہ قبضہ گروپ معاشرے کا ناسور ہیں۔قبضہ گروپ کیخلاف کریک ڈاؤن کیلئے اصل ٹیم آپریشن ونگ ہے۔دوسری جانب گجر پورہ موٹروے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد علی ملہی شیخوپورہ اور قصور کے بعد ننکانہ پولیس کو بھی چکمہ دے کر فرار ہوگیا اور پولیس 10 فٹ پر موجود عابد کو نہ پکڑ سکی۔مرکزی ملزم عابد علی ملہی جمعرات کو سہ پہر 4 بجے پرانا ننکانہ میں اپنی سالی کشور بی بی سے ملنے آیا تھا، ملزم عابد رائے بلار پارک میں سالی کشور سے بیوی بشریٰ کے متعلق پوچھ رہا تھا کہ اہل محلہ نے 15 پر کال کرکے پولیس کو ملزم کی موجودگی کی اطلاع دی لیکن حسب روایت پولیس25 منٹ تاخیر سے پہنچی۔عینی شاہدین کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سٹی ننکانہ صاحب عبدالخالق صرف 3 پولیس اہلکاروں کے ہمراہ موقع پرپہنچا تو کالر نے ایس ایچ او تھانہ سٹی ننکانہ صاحب کو بتایا کہ یہ عابد علی ہے۔کالر کی آواز سنتے ہی ملزم عابد علی پولیس کے ہاتھوں سے نکل گیا حالانکہ پولیس اور ملزم کا درمیانی فاصلہ صرف 10 فٹ کا تھا جب کہ تھانہ سٹی اور رائے بلار بھٹی پارک کا درمیانی راستہ صرف 5 منٹ کا ہے۔پولیس ملزم کو تو قابو نہ کرسکی لیکن عابد کی سالی کشور اور 2 سالوں کو پکڑ کر پوچھ گچھ کی گئی جب کہ عابد کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن بھی بے سود رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں