فرانسیسی میگزین کا دوبارہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کا اعلان،پاکستان بھی میدان میں آگیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو ایک بار پھر گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گستاخانہ خاکوں کی وجہ سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے اور لوگ مشتعل ہیں۔اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحان پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں اپنی طرف سے اور حکومت پاکستان کی طرف سے فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کی پر زور مذمت کرتا ہوں ، ان کے شائع کردہ گستاخانہ خاکوں کی وجہ سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ، لوگ مشتعل ہیں اس بلاجواز حرکت کی جتنی مذمت

کی جائے کم ہے، ہم دیکھ رہے ہیں کہ اسلاموفوبیا، نسل پرستی اور زینوفوبیا کا رحجان دنیا میں بڑھتا چلا جا رہا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے ہر عالمی فورم پر اس مسئلے کی نشاندہی کی، وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی میں بھی مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کا تدارک ہونا چاہیے، بین الاقوامی سطح پر مل بیٹھ کر یہ سوچنا چاہیے کہ ایسے رحجانات کو کیسے روکا جائے، جو دوسروں کے جذبات مجروح کرتے ہوں،اور ان کے خلاف بند کیسے باندھا جائے؟پاکستان ایک جمہوری ملک ہے ہم آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتا ہے لیکن آزادی اظہار رائے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کے ہاتھ دوسروں کی دل آزاری کا لائسنس آ گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ عالمی برادری فی الفور ایسے رحجانات کی بیخ کنی کرے گی، حکومت پاکستان نے حکومت فرانس کو اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا ہے،ہم نے اپنے جذبات، حکومت فرانس تک ان کے سفیر کے ذریعے پہنچا دئیے ہیں، توقع کرتا ہوں کہ جنہوں نے یہ حرکت کی ہے انہیں کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں