عاصم سلیم باجوہ کو رسیدیں پیش کرنی چاہیئے، مریم نواز

لاہور(نیوز ڈیسک)مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری اتھارٹی کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو چاہیے کہ وہ کرپشن کے الزامات کا جواب دیں اور رسیدیں پیش کریں۔اسلام آباد میں عدالت کے سامنے پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان تو کہتے تھے کہ نواز شریف کے ملک سے باہر جانے سے ان کا بیانیہ کمزور ہو گیا ہے اور جس کسی کو بھی ضمانت ملتی تھی تو کہتے تھے کہ میرا کرپشن کے خلاف بیانیہ کمزور ہو گیا ہے۔آج جب عاصم سلیم باجوہ کے خلاف خبر آئی ہے تو میں پوچھتی ہوں کہ

اب ان کا بیانیہ کمزور نہیں ہوا؟مریم نے کہا کہ احمد نورانی نے خبر کی ہے تو ان پر غداری کے الزامات نہیں لگانے چاہئیں، بلکہ ان الزامات کا جواب دیا جانا چاہیے اور رسیدیں پیش کی جانی چاہئیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا تھا کہ ‏میرا نہیں خیال نواز شریف آل پارٹیز کانفرنس میں جانے سے منع کریں گے، ہم آل پارٹیز کانفرنس میں جائیں گے جب کہ اے پی سی میں پتہ چل جائے گا کہ سب ایک پیج پر ہیں یا نہیں، وقت کی ضرورت ہے کہ تمام جماعتیں ملک کے لیے ایک پیج پر آئیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کا لندن میں علاج چل رہا ہے اور کورونا کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی، نواز شریف وطن واپس آنے کے لیے بہت بے چین ہیں تاہم میری نواز شریف سے ضد ہوگی کہ جب تک علاج نہیں ہو جاتا واپس نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی نہیں چاہے گا کہ اس عمر میں اپنے ملک سے دور رہیں، ہمیں اپنی اپنی نہیں بلکہ پاکستان کا سوچنا چاہیے جب کہ ‏پانچ سال میں جو نقصان کرنا تھا وہ انہوں نے ڈیڑھ سال میں کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں