سعودی قیادت کے دورہ پاکستان کی خوشخبری سنادی گئی

ملتان(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت جلد پاکستان آئے گی۔ کشمیریوں نے حضرت امام حسینؓ کے نقش قدم پرچلتے ہوئے بھارتی مظالم کے سامنے جھکنے سے انکار کردیا۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے پاکستان کے ساتھ بڑے اچھے تعلقات ہیں، سعودی قیادت جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔مقبوضہ کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں محرم کے جلوسوں پر پابندی ہے، عید پر نماز کی اجازت بھی نہیں دی گئی، انسانی حقوق کے علمبرداروں کو مقبوضہ کشمیر کی صورت

حال کا نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل بلیک آؤٹ جاری ہے، مقبوضہ کشمیر میں مذہبی آزادی پر بھی قدغن ہے، کشمیری جفا کشوں نے بھارت کی ہر پیشکش ٹھکرا دی، کشمیریوں نے بھارت کو پیغام دے دیا کہ ہماری منزل آزادی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حسینیہ کانفرنس سے یکجہتی کا پیغام جاتا ہے اور معاشرے میں تفریق پیدا کرنے والے عناصر کے عزائم کو ناکام بنانا اجتماعی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت کے خاتمے اور ہم آہنگی کے فروغ میں علما کرام اور مشائخ کا اہم کردار ہے۔ ہر زمانہ حسین ؓ کا ہے اور آخری فتح حق کی ہی ہوتی ہے۔ دنیا میں حسین ؓ کے فلسفے کو سمجھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں