کشمیری حق خود ارادیت کے حصول کے لیے 24 اکتوبر کی تاریخ دہرائیں گے، خدیجہ زرین

اسلام آباد(پی کے نیوز) سماجی رہنما خدیجہ زرین نے کہا ہے کہ 24 اکتوبر کشمیریوں کی تاریخ میں اہم دن کی حیثیت رکھتا ہے، 1947 کو اس روز کشمیریوں نے اپنی آزاد حکومت کی بنیاد رکھی تھی، ان کا کہنا تھا کہ ہمارے آبا و اجداد کی تاریخ ساز جدوجہد کے باعث یہ خطہ آزاد ہوا، آزاد کشمیر حکومت کے قیام کا مقصد تحریک آزادی کشمیر تحریک آزادی کشمیر کو منتقی انجام تک پہنچانا ہے، آزاد حکومت کے قیام کا مقصد پورے کشمیر کی آزادی کیلئے جدوجہد کرنا ہے، خدیجہ زرین کا کہنا تھا کہ جولائی 1947 کو سرینگر کے مقام پر ریاستی مسلمانوں نے قرارداد پاکستان منظور کر کے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کر نے کا فیصلہ کیا تھا ، جب ایک سازش کے ذریعے ریاست جموں وکشمیر کو بھارت کا حصہ بنانے کی کوشش کی گئی تو ہمارے آبا و اجداد نے ڈوگرہ راج کے خلاف اعلان جہاد آزادی کرکے اپنی عملی جدوجہد کا آغاز کر دیا اور پندرہ ماہ سے کشمیر کے ایک بڑے حصے کو ڈوگرہ فوج اور بھارتی تسلط سے آزاد کرایا، اور آج کے دن آزاد کشمیر کی انقلابی حکومت کی بنیاد رکھی، ان کا کہنا تھا کہ آزاد حکومت کی بنیاد تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کے طور پر رکھی گئی تھی، آزاد کشمیر حکومت کا اصل کام تحریک آزادی کشمیر کیلئے کام کرنا ہے، ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظالمانہ کاروائیوں کا نیا سلسلہ شروع کردیا ہے، کشمیری اگست 2019 سے گھروں میں محصور ہیں، بھارتی افواج کے سامنے جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں، بھارت نے کشمیریوں کی ناکہ بندی کردی لیکن کشمیری بھارت کے سامنے جھکنے کیلئے تیار نہیں، 24 اکتوبر کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں اسی جذبے کے ساتھ جدوجہد آزادی کو پھر سے شروع کرنا ہوگا، ہمیں آگے بڑھ کرمسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہوگا اور اپنے کشمیری بھائیوں کی مدد کرنی ہوگی

اپنا تبصرہ بھیجیں