لاہور،دس روز تک تشدد کا نشانہ بننے والانوجوان گھر پہنچ گیا

لاہور(نمائندہ خصوصی) فیس بک پرریٹائرڈ پولیس آفیسر کی بیٹی سے دوستی مہنگی پڑگئی،20سالہ نوجوان کو اغوا کرکے دس روز تک تشدد کا نشانہ بنادیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹائون سے اغواء ہونے والاٹائون شپ کا رہائشی 20سالہ گل شیر دس روز بعد گجومتہ سے مل گیا، نوجوان کی حالت غیر تھی جسے فوری اسپتال منتقل کیا گیا۔ نوجوان کے مطابق ایک سال قبل فیس بک پر ایک لڑکی سے دوستی ہوئی تھی جو خود کوریٹائرڈ پولیس آفیسر کی بیٹی ظاہر کرتی تھی، لڑکی نے ملنے کے بہانے بلایا اور لڑکی کی والدہ اور خالو نے اغوا کرکے دس دن تک حبس بے جا میں رکھا ،اس دوران تشدد کا نشانہ بھی بناتے رہے۔

تھانہ جوہر ٹائون پولیس مقدمہ درج نہ کروانے پر زور ڈالتے رہے اہلخانہ کی جانب سے احتجاج پر پانچ روز بعد ایف آئی آر درج کی گئی۔نوجوان گل شیر کے اہلخانہ کے مطابق خود کو ایڈیشنل آئی جی چودھری منظور کی اہلیہ ظاہر کرنے والی ثنا نامی خاتون پولیس کے سامنے گل شیر کے اغوا اور تشدد کا اعتراف کر چکی ہے لیکن تاحال پولیس ملزمان کے خلاف کاروائی کرنے سے گریزاں ہے اور معاملہ رفع دفع کرنے کیلئے دبائو ڈالاجارہا ہے۔گل شیر کی والدہ کا کہنا تھا کہ ہمارے بیٹے کیساتھ زیادتی ہوئی ہے ہمیں حق پر ہوتے ہوئے بھی انصاف نہیں مل رہا ۔ انہوں نے آئی جی پنجاب ، وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعظم عمران خان سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں