حیدرآباد ، سفاک شوہر نے بیوی کو چار بچوں کے سامنے بے دردی سے ابدی نیند سلادیا

حیدرآباد (نیوز ڈیسک)سندھ کے شہر حیدرآباد میں شوہر نے 32 سالہ بیوی قرۃ العین بلوچ کو بے دردی سے قتل کر دیا۔انڈپنڈنٹ اردو کی رپورٹ کے مطابق لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقتولہ پر قتل سے قبل شدید تشدد کیا گیا۔عینی کے جسم کی کئی ہڈیاں بشمول ناک، جبڑے اور آنکھ کی ہڈی ٹوٹی ہوئی تھی جبکہ تشدد کے باعث آنکھ میں سوجن تھی۔ابتدائی طور پر ان کی موت گلا دبانے سے ہوئی تاہم ابھی تک پتھالوجی رپورٹ جاری نہیں ہوئی جس سے موت کے اصل وجہ سامنے آ سکے۔سوشل میڈیا پر صارفین قرۃ العین بلوچ کی تصاویر شئیر کرکے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

صارفین کی جانب سے ملزم کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ایک صارف نے کہا کہ طلاق یافتہ بیٹی مردہ بیٹی سے بہتر ہے۔بیٹیوں کو صرف ا س لیے تشدد سہنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا ہے ان کا گھر بنا رہے۔ایک صارف نے کہا کہ چار بچوں کی والدہ کی موت دل دہلا دینے والی ہے۔اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ ملزم کے خلاف سخت سزا عمل میں لائی جائے۔ایک صارف نے قرۃ العین بلوچ کی شادی اور لاش کی تصویر شئیر کرتے ہوئے کہا کہ میرا دل اس خاتون کے لیے رو رہا ہے۔عورت مارچ کے آفیشل اکاؤنٹ سے بھی قرۃ العین بلوچ کے لیے آواز بلند کی گئی اور کہا کہ 15جولائی کو عمر میمن نے حیدرآباد میں اپنی چاروں بچوں کے سامنے اپنی اہلیہ کو زدوکوب کیا۔پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اس پر وحشیانہ تشدد کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ ایک ایسا ملک ہے جس نے گھریلو تشدد اور بدسلوکی کو مجرم قرار دینے سے مسلسل انکار کیا ہے۔۔اس کے علاوہ بھی کئی صارفین نے قرۃ العین بلوچ کو انصاف دلوانے کے لیے آپنی آواز بلند کی اور ٹویٹر پر #JusticeForQuratulain کا ٹیگ استعمال کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں