مقبوضہ کشمیر کو آنے والے دنوں میں آزاد دیکھیں گے، وزیراعظم

مظفر آباد (نیوز ڈیسک) اللہ نے پاکستان کو اب تک محفوظ رکھا ہے، پڑوسی ملک میں کورونا سے لاکھوں لوگ مر گئے، آپ سب اتنے قریب قریب کیوں کھڑے ہیں، فوراً ماسک پہنیں، مجھے ڈر ہے کہ اس جلسے کے بعد کئی لوگ بیمار نہ ہو جائیں، وزیراعظم کی جلسے میں شریک عوام کو تاکید۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے ڈسٹرکٹ بھمبھر میں پی ٹی آئی کی انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’آپ سب اتنے قریب قریب کھڑے ہیں، مجھے آپ لوگوں کی فکر ہے، ماسک پہن کر ہی آپ اس بیماری سے بچ سکتے ہیں، سب کو تاکید کرتا ہوں ماسک پہنیں کیونکہ کرونا ابھی ختم نہیں ہوا‘۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اللہ نے پاکستان کو کرونا سے اب تک محفوظ رکھا ہوا ہے، پڑوسی ملک میں کروناکی وجہ سے لاکھوں لوگ مرے جبکہ معیشت کا بھٹا بھی بیٹھ گیا، جس کی وجہ سے کروڑوں لوگ غربت کی لکیر کے نیچے چلے گئے۔انہوں نے کہا کہ ’اللہ نے ہمیں بچایا ہے کم از کم آپ ایک ماسک پہن کر احتیاط کریں، مجھے ڈر ہے کہ کہیں یہ نہ پتہ چلے کہ بھمبر جلسے کے بعد کئی لوگ بیمار ہوگئے‘۔وزیراعظم عمران خان نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں مقبوضہ کشمیر کو آزاد دیکھیں گے۔وزیراعظم نے عوام کو آگاہ کیا کہ ’ آپ کو معلوم ہے میرے زندگی دھوپ میں کرکٹ کھیلتے ہوئے گزری، یہاں اسٹیج پر بیٹھ کر بھی میری قمیض پسینے سے بھیگ چکی ہے، آپ قریب قریب کھڑے ہیں، آپ کے جذبے اور جنون کو داد دیتاہوں، میں آپ کے مستقبل کا سوچتا ہوں اور خواہش ہے کہ ہمارا ملک اور قوم عظیم بن جائے تاکہ کوئی بھی شہری پاکستانی پاسپورٹ کے ساتھ جائے تو اُسے عزت ملے‘۔’ہمارےنبیﷺکےدور میں دو سپر پاور تھیں، نبیﷺمدینہ پہنچےتو 13سال بعد ایک اور 14سال بعد دوسری سپرپاور نے گھٹنے ٹیکے، اللہ قرآن میں کہتاہے کہ میرے نبیﷺ کی زندگی سے سیکھو اور نبی ﷺ کی سیرت پر چلو کیونکہ اُسی میں آپ کی بہتری ہے‘۔وزیراعظم نے کہا کہ ’ریاست مدینہ کے اصولوں پر چلنے والے تو وہ عظیم قوم بن جاتے ہیں، کوئی بھیک ،قرضے مانگنے والوں کی عزت نہیں کرتا، انسانوں کے سامنے ہاتھ پھیلانے والےکی کوئی عزت نہیں کرتا، سچےآدمی اور انصاف کرنے والےکی دنیا عزت کرتی ہے‘۔

عمران خان نے آزادکشمیر کے لوگوں کو تاکید کی کہ وہ ووٹ ڈالنے سے پہلے اتنا سوچیں کہ اُن کا لیڈر سچا ہے یا نہیں، کیونکہ ماضی کے حکمران نے ایسی اداکاری کی، جس کو دیکھ کر کابینہ کی خواتین اراکین بھی رونے لگیں تھیں، یہاں سے بیمار جانے والا نواز شریف وہاں جاکر دوسرا نکلا، وہ اداکاری کر کے ملک سے فرار ہوئے‘۔وزیراعظم نے بیرون ملک مقیم سیاسی رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’عدالتیں آزادہیں تو یہ سب کیوں ملک سے بھاگے ہوئے ہیں،تحریک انصاف کبھی عدالتوں یا فیصلوں پر اثر انداز نہیں ہوتی، نوازشریف کامنشی ہماری حکومت آنےسے پہلے ہی بھاگ گیا تھا، انہیں کس چیز کا خوف ہے جو یہ وطن واپس نہیں آرہے‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں