بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ،جانی نقصان کی اطلاعات

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ سے 18 سالہ لڑکی شہید اور چھ افراد زخمی ہوگئے۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بھارتی فوج نے تتہ پانی سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے فتح پور گاوَں کی 18 سالہ لڑکی شہید ہوگئی۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 خواتین اور 2 لڑکیوں سمیت 6 شہری زخمی ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا فوری اور بھرپورجواب دیا۔ پاک فوج نے نہتے شہریوں پرفائرنگ کرنے والی بھارتی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے رواں سال ایل او سی

پر 1877 بار سیزفائرمعاہدے کی خلاف ورزی کی۔ بھارتی فوج کی اشتعال انگیزیوں سےرواں سال 15 معصوم شہری شہید ہوچکے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق رواں سال شہید ہونے والوں میں 6 خواتین اور 5 بچے بھی شامل ہیں۔ رواں سال بھارتی فوج کی فائرنگ سے 144 شہری زخمی ہوچکے۔ رواں سال زخمی ہونے والوں میں 46 خواتین اور 37 بچے شامل ہیں۔خیال رہے کہ 29 جولائی کو بھارتی فورسز کی لائن آف کنٹرول کے رکھ چکری سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ سے 2خواتین سمیت 3 شہری زخمی ہوگئے تھے۔آئی ایس پی آر نے پریس ریلیز میں کہا تھا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔ پاک فوج کی بھر پور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں