گداگروں کی شاہی شادی سب کی توجہ کا مرکز بن گئی، دلہن کو لینے کیلئے لیموزین سجالی

میر پور (نیوز ڈیسک) شادی کو لے کر ہر نوجوان لڑکا اور لڑکی کے کچھ خواب ہوتے ہیں جو وہ چاہتے ہیں کہ پورے ہوں۔ شادی کسی بھی انسان کی زندگی میں وہ دن ہوتا ہے جس کا خواب اُس نے پوری عمر سجایا ہوتا ہے اور اس دن کے لیے کچھ ارمان بھی رکھے ہوتے ہیں جن کو پورا کرنے میں محنت اور جمع پونچی لُٹا دی جاتی ہے لیکن اکثر اوقات کچھ لوگوں کی شادیوں کے ارمان معاشی تنگی کی وجہ سے ادھورے رہ جاتے ہیں ، خصوصی طور پر نچلے طبقے کے ، جو دو وقت کی روٹی تک پوری نہیں کر سکتا۔لیکن حال ہی میں میر پور میں گداگروں کی شادی نے سب کو حیران کر دیا۔

میر پور میں شادیوں میں مانگنے والے گداگروں کی اپنی شادی میں لیموزین سمیت 20جدید ماڈل گاڑیاں موجود تھیں جبکہ یہ شادی کوئی عام شادی نہیں تھی بلکہ شادی کا ایسا جشن دیکھنے میں آیا کہ دیکھنے والے ششدر رہ گئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق میرپور کے علاقہ میں خانہ بدوشوں نے شادی میں پانی طرح پیسہ بہا کر نہ صرف اپنی حسرتوں کو پورا کیا بلکہ دیکھنے والوں کے دلوں میں بھی حسرتیں پیدا کر دیں۔میرپور کے نواحی علاقہ جاتلاں کےمیں رہائش پزیر خانہ بدوش محمد بوٹا نے بیٹے کی شادی پر دل کے ارمان پورے کرنے کے لیے لاکھوں روپے خرچ کر ڈالے۔ دلہن کو لینے کے لیے لیموزین سجا لی جس کا یومیہ 90 ہزارروپے کرایہ ادا کیا گیا۔ خانہ بدوش محمد بوٹا جاتلاں اور گردونواح میں گداگری کرتا ہے۔ اہل علاقہ خانہ بدوش کی شادی پہ لیموزین سجی دیکھ کے حیران رہ گئے۔یہی نہیں شادی میں مہانوں کا بھی خاص خیال رکھا گیا اور مہمانوں کی تواضع کے لیے شادی میں کم از کم پانچ قسم کے کھانے بھی پیش کیے گئے جبکہ ملبوسات اور زیورات کی بھی کمی نہیں تھی۔ خاند بدوش فقیرخاندان سے جب اس حوالے سے دریافت کیا گیا تو اُن کا مؤقف تھا کہ ساری زندگی کمایا ہی اس لیے جاتا ہے کہ اپنے ارمان پورے کریں۔ لہٰذا ہم نے بھی اپنے سارے ارمان پورے کر لیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں