کورونا کی چوتھی لہر تباہی مچانے لگی، ایک ہی دن میں کتنےا فراد لقمہ اجل بن گئے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح اور اموات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور آج بھی عالمی وبا سے 47 افراد انتقال کر گئے جبکہ 2545 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 48 ہزار 910 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2545 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 47 افراد انتقال کر گئے۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 5.2 فیصد رہی۔

خیال رہے کہ ملک میں آخری بار 5 فیصد سے زائد کیسز 23 مئی 2021 کو ریکارڈ کیے گئے تھے، اس روز ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 5.22 فیصد تھی۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 22689 ہو گئی اور مجموعی کیسز 9 لاکھ 81 ہزار 392 تک جاپہنچے ہیں۔اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1030 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 16 ہزار 373 ہو گئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 42330 ہے۔دوسری جانب ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے۔ این سی او سی کے مطابق اب تک ملک بھر میں 42 لاکھ 9 ہزار 460 افراد کو کورونا ویکسین کی مکمل خوراک جبکہ ایک کروڑ 68 لاکھ 67 ہزار 90 افراد کو سنگل خوراک دی جاچکی ہے۔این سی او سی کے مطابق اب تک 2 کروڑ 10 لاکھ 76 ہزار 550 افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز نے محکمہ صحت سے متعلق حلقوں میں ایک مرتبہ پھر سے تشویش کی لہر دوڑا دی ہے جبکہ کچھ حلقے کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے اور اس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت سے سخت لاک ڈاؤن کے نفاذ کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں