سابق صدر مملکت ممنون حسین انتقال کرگئے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک )سابق صدر مملکت ممنون حسین انتقال کرگئے۔سابق صدر کے بیٹے ارسلان ممنون نے ان کے انتقال کی تصدیق کی اور بتایا کہ ممنون حسین دو ہفتوں سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ان کا کہنا تھاکہ والد کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے اور آج کراچی میں خالق حقیقی سے جاملے۔ممنون حسین 2013 سے 2018 تک پاکستان کے صدر رہے اور ان کا شمار مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ممنون حسین مُلک کے 12 ویں صدر رہے اور اس کے علاوہ وہ گورنر سندھ بھی رہے تھے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق صدر ممنون حسین کے انتقال پر گہرے رنج

وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سابق صدر ممنون حسین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار ہوئے کہا کہ اللہ مرحوم کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، انہوں نے مزید کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا سابق صدر ممنون حسین کی وفات پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار، آج ہم پاکستان سے محبت کرنے والے ایک صاحب کردار اور درد دل رکھنے والے قیمتی شخص سے محروم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم نواز شریف کے ایک بااعتماد، وفاشعار اور نظریاتی ساتھی تھے۔ وہ ہر نشیب و فراز میں پارٹی اور اس کی قیادت کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہے اور کبھی مصلحت کوشی کا شکار نہ ہوئے۔ممنون حسین کی وفات پارٹی ہی نہیں بلکہ ایک ذاتی قیمتی نقصان بھی ہے۔ سابق صدر ممنون حسین ہماری مشرقی اقدار وروایات، شرافت اور علمی تہذیب کا چلتا پھرتا نمونہ تھے۔ وہ صاحب زبان اور ادب شناس ہونے کے علاوہ علم سے محبت رکھنے والی کمال شخصیت تھے۔ ملک و قوم کے لیے ان کی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں