شہباز شریف نےایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم کے 25سوالات میں سے ایک کا جواب بھی نہ دیا

لاہور (نیوز ڈیسک ) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کے خلاف شوگر اور 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس کی رپورٹ تیار کرلی، تفتیشی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے گی جس کے مندرجات منظر عام پر آگئے۔ میڈیا ذرائع کہتے ہیں کہ ایف آئی اے کی جانب سے شہباز شریف سے 25 سوالات کیے گئے، تاہم انہوں نے ایک بھی سوال کا جواب نہیں دیا ، صدر ن لیگ سے جب سوال کیا گیا کہ اربوں روپوں کی پراپرٹی کیسے بنائی؟ تو شہباز شریف نے جواب دیا کہ میری بیگمات سے معلوم کر یں، ان سے جب یہ پوچھا گیا کہ آپ کے کاروبار میں اضافہ

کیسے ہوا اور مزید فیکٹریاں کیسے لگیں؟ تو اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سلمان شہباز شریف سے پوچھیں۔ذرائع کے مطابق شہبازشریف سے سوال دوران تفتیش یہ سوال بھی کیا گیا کہ مہنگی ترین گاڑیاں خریدی گئیں، اس پر شہباز شریف کا جواب تھا کہ میرے بھتیجوں سے معلوم کریں ، سابق وزیراعلیٰ پنجاب سے ایف آئی اے نے سوال کیا کہ 25 ارب روپے آپ کے اور فیملی کے اکاؤنٹس میں جمع ہوئے اور نکالے گئے ، اس پر شہباز شریف نے جواب دیا کہ اس حوالے سے میرے وکیل جواب دیں گے۔ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تفتیشی ٹیم نے صدر ن لیگ سے درخواست کی کہ سر آپ کچھ تو بتائیں ، جس پر شہبازشریف نے جواب دیا کہ مسئلہ فلسطین بہت سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے ، اس پر تفتیشی ٹیم نے جب ان سے سوال کیا کہ سر ان سوالات کا مسئلہ فلسطین سے کیا تعلق ہے؟ اس پر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بہت گہرا تعلق ہے، میں اپنی ساری توجہ اس مسئلے کے حل پر لگا رہا ہوں اور آپ بار بار مجھ سے چینی اکاؤنٹ اور پراپرٹی کا پوچھ رہے ہیں۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف سے کی گئی تفتیش کی تفصیلی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے جو کہ ڈی جی ایف آئی اے سمیت وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کو بھی فراہم کر دی گئی ہے ، ایف آئی اے کی یہ رپورٹ آج یا کل عدالت میں جمع کرا دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں