شرمیلا فاروقی نےایوارڈ شو میں اداکاروں کے لباس پر تنقید کرنے والوں کو کھری کھری سنا دیں

لاہور(نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی بھی اہم اسٹائل ایوارڈ میں اداکاراؤں کے لباس پر ہونے والی تنقید کے بعد ان کی حمایت پر سامنے آ گئیں۔انسٹاگرام پر ادکار بلال قریشی کا انسٹاگرام اسٹوری پیغام شئیر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کو ان کے لباس کے اتنخاب کے ذریعے پرکھنا بند کریں۔وہ ذی شعور ہیں، آزاد ہیں اور کسی کو بھی ان کے لباس کے انتخاب پر منفی تبصرہ نہیں کرنا چاہئیے،پی پی رہنما نے مزید کہا کہ یہ آزاد دنیا ہے جیو اور جینے دو، بشریٰ انصاری کو اپنے دل کی خواہش پر رقص کرنے دو وہ ایسا کیوں نہ کریں؟ انہیں ایسا کرنے کا پورا حق ہے۔

منفیت پھیلانے والوں کے لیے میرا پیغام ہے کہ آپ اپنی مایوسیوں کو دیکھیں اور ان کا حل نکالیے۔بلال قریشی نے اس سے قبل کہا تھا کہ آپ سب خوبصورت اور با صلاحیت ہیں، مجھ پر بھروسہ کریں، ایوارڈ شو میں شاندار نظر آنے کے لیے آپ لوگوں کو ایسے لباس پہننے کی ضرورت نہیں جو جسم ظاہر کریں۔واضح رہے کہ نجی ٹی وی چینل ’ہم ٹی وی‘ کی جانب سے دیگر کاروباری اداروں کے اشتراک سے منعقد کیے جانے والے سالانہ ’ہم اسٹائل ایوارڈز‘ کی پانچویں تقریب پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں منعقد ہوئی۔کورونا کی تیسری لہر کے بعد منعقد کیے جانے والے ایوارڈز تقریب میں نہ صرف ریڈ کارپٹ سجایا گیا بلکہ تقریب میں مہمانوں نے کورونا کی احتیاطی تدابیر کی بھی خلاف ورزی کی۔ تقریب میں پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور اور ہم ٹی وی نیٹ ورک کی سربراہ سلطانہ صدیقی سمیت دیگر اہم شخصیات نے خطاب کیا۔تاہم ہم سٹائل ایوارڈ شو سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گیا کیونکہ بعض اداکاروں کی جانب سے ایسے لباس زیب تن کیے گئے جسے ہمارے معاشرے میں نامناسب تصور کیا جاتا ہے۔سوشل میڈیا صارفین نے مغربی لباس پہننے والی اداکاراؤں پر سخت تنقید کی ہے۔ایک صارف نے عمران خان کے پردے سے متعلق دئیے گئے بیان کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میں عمران خان کے بیان سے متفق نہیں تھی تاہم اداکارؤں کے لباس دیکھ کر لگتا ہے کہ عمران خان ٹھیک کہہ رہے تھے۔(وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ خواتین مختصر لباس پہنیں تو اس کا مردوں پر اثر ہوتا ہے) ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں