پنجاب کے وزراء، مشیروں کی موجیں لگ گئیں، تنخواہوں اور الاؤنسز میں بڑا اضافہ کردیا گیا

لاہور(این این آئی)پنجاب کے وزراء، مشیر اور پارلیمانی سیکرٹریز کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں 2 کروڑ 21 لاکھ روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق وزراء، مشیراور پارلیمانی سیکرٹریزکی تنخواہوں میں 1 کروڑ 13 لاکھ 80 ہزار روپے جبکہ ہاؤس رینٹ ویوٹیلیٹی الایونسز کی مد میں 1 کروڑ 7 لاکھ 38 ہزار کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق پنجاب کے ایک وزیر پر تنخواہ اور الاؤنسز پر سالانہ 25 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔ پنجاب میں وزرا ء کی بنیادی تنخواہ میں 55 لاکھ روپے تک اضافہ کیا گیا۔ پنجاب میں پارلیمانی سیکرٹریز کی بنیادی تنخواہ میں 45 لاکھ روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔

وزراء، مشیر اور پارلیمانی سیکرٹریزکو 1 کروڑروپے کی فون کالز کی اجازت ہو گی جبکہ پیٹرول اوردیگر سٹاف سے متعلقہ اخراجات اس کے علاوہ ہیں۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی بلال اصغر وڑائچ کی نا اہلی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے فریقین کے وکلا ء کو 13 جولائی کو حتمی بحث کے لیے طلب کرلیا۔عدالتی حکم پر جامعہ پنجاب نے بلال اصغر وڑائچ کی ڈگری سے متعلق رپورٹ جمع کروا رکھی ہے۔درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گوجرہ پی پی 118 سے بلال اصغر وڑائچ ایم پی اے کی نشست پر منتخب ہوئے۔صوبائی وزیربلال اصغر وڑائچ نے گریجویشن کی جعلی ڈگری پرانتخابات میں حصہ لیا۔جعلی ڈگری کی بنیادپرالیکشن میں حصہ لینے سے بلال اصغر صادق امین نہیں رہے۔جامعہ پنجاب سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں ڈگری جعلی قرار دے چکی ہے،انتخابات میں حصہ لینے کے لیے امیدوار کا آئین کے آرٹیکل 62، 63 کے اہل ہونا ضروری ہے۔عدالت سے استدعا کی گئی کہ صوبائی وزیر بلال اصغر وڑائچ کو جعلی ڈگری کی بنیاد پر نااہل قرار دیا جائے اور عدالت الیکشن کمیشن کو پی پی 118 میں ضمنی انتخابات کروانے کاحکم دے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں