ویکسین نہ لگوانے والوں کی شامت آگئی، حکومت نے سخت پابندیوں کا اعلان کردیا

ابوظبی(نیوز ڈیسک) ابوظبی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی کی جانب سے اہم اعلان کیا گیا ہے کہ ریاست کے تمام پبلک مقامات پرصرف وہی لوگ داخل ہو سکیں گے جنہوں نے ویکسین لگوا رکھی ہو گی۔ اس پابندی پر عمل 20 اگست 2021ء سے شروع ہو جائے گا۔ کمیٹی کے مطابق یہ فیصلہ کورونا کی وبا سے نمٹنے اور لوگوں کی زندگیوں اورصحت کے تحفظ کی خاطر کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق اگست تک ابوظبی میں ویکسین لگوا چکے لوگوں کی گنتی 93 فیصد تک پہنچ جائے گی۔ پبلک مقامات پر پابندی سے ان علاقوں میں صحت کا تحفظ بڑھے گا جہاں کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے اضافی اقدامات کی ضرورت ہے۔

ڈیلی گلف اُردو کے مطابق کمیٹی نے بتایا ہے کہ پہلے مرحلے میں شاپنگ سنٹرز، ریسٹورنٹس، کیفیز اور دیگر ریٹیل آؤٹ لیٹس پر ویکسین نہ لگوانے والوں کا داخلہ بند کر دیا جائے گا۔البتہ سپر مارکیٹس اور فارمیسیز اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ اس پہلے مرحلے میں جمز، تفریحی و سپورٹس مقامات اور سرگرمیوں، ہیلتھ سنٹرز، ریزارٹس، میوزیمز، کلچرل سنٹرز، تھیم پارکس، یونیورسٹیاں، انسٹی ٹیوٹس ، پبلک اور پرائیویٹ سکولز اور بچوں کی نرسریاں بھی اس پابندی میں شامل ہوں گی۔ جن لوگوں نے ویکسین لگوا رکھی ہو گی، بس انہیں ہی داخلے کی اجازت ہو گی۔البتہ جن لوگوں کو طبی مسائل کی وجہ سے ویکسین لگوانے سے استثنیٰ حاصل ہیں، ان پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا ۔ ان افراد کو اپنے طبی عذر سے متعلق الحوسن ایپ پر اندراج کرانا ہوگا۔ اسی طرح 15 سال سے کم عمر افراد بھی بغیر ویکسین کے داخلے کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ وائرس پر قابو پانے کے لیے انڈسٹریل ایریاز اور گنجان آباد علاقوں میں ٹیسٹنگ بڑھا دی گئی ہے۔ وائرس کا فوری پتا چلانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیز کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ اہل افراد کو ویکسین کی تیسری خوراک بوسٹر ڈوز یعنی امیونٹی بڑھانے کی خاطر دی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں