آزاد کشمیرالیکشن، ن لیگی رہنما پارٹی چھوڑنے لگے ، کئی رہنمائوں نے ٹکٹ واپس کردیا

مظفرآباد(نیوز ڈیسک)آزاد کشمیر الیکشن سے پہلے پاکستان مسلم لیگ ن کےرہنما پارٹی چھوڑنے لگے ، کئی نے ٹکٹ واپس کردیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات سے قبل اب تک پاکستان مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے 4 وزراء ، صدارتی مشیر اور رکن اسمبلی سمیت متعدد لیگی رہنما پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے 2 وزراء جن میں سردار میر اکبر اور چوہدری شہزاد شامل ہیں الیکشن سے قبل پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوچکے ہیں جب کہ رکن اسمبلی علی رضا نے بھی وفاق میں حکمران جماعت تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے ،

ان کے علاوہ سردار سکندر ، ان کے بیٹے وزیرِ ریوینیوفاروق سکندر ن لیگ چھوڑ کر مسلم کانفرنس میں شامل ہوئے جب کہ اعجاز یوسف نے صدارتی مشیر کا عہدہ چھوڑ کرآزاد حیثیت میں انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے صرف یہی نہیں بلکہ وزیر اوقاف راجہ عبدالقیوم نے آزاد کشمیر انتخابات کے لیے ن لیگ کا ٹکٹ واپس کردیا۔دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر الیکشن کی انتخابی مہم مریم نواز کو سونپنے کا فیصلہ کرلیا ، میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کا اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ، جس میں آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے مشاورت کی گئی ، اس دوران دونوں رہنماؤں نے آزاد کشمیر الیکشن کی انتخابی مہم مریم نواز کو سونپنے پر اتفاق کیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی انتخابی حکمت عملی کے تحت آزاد کشمیر الیکشن میں ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور نائب صدر ن لیگ مریم نواز اپنی جماعت کے امیدواروں کی انتخابی مہم چلائیں گے ، اس دوران شہباز شریف اور مریم نواز الگ الگ اجتماعات سے خطاب کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں