متحدہ عرب امارات میں مزید 2 ہزار سے زائد افراد نے اسلام قبول کر لیا

دُبئی(نیوز ڈیسک) اسلام دُنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والا مذہب ہے۔اس کا آفاقی پیغام اور حق پر مبنی تعلیمات گلوبلائزیشن کے دور میں بہت تیزی سے پھیل رہی ہے۔ یورپ اور امریکا میں بھی اسلاموفوبیا کے باوجود ہر سال ہزاروں غیر مسلم اسلام کے نور سے مالامال ہو رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں 50 لاکھ کے لگ بھگ غیر مسلم موجود ہیں ، جن میں اسلام کا پیغام تیزی سے پھیل رہا ہے۔اسلام کی شاندار تعلیمات کا اثر ہزاروں غیر مسلموں پر ہو چکا ہے۔ اس کی ایک وجہ اماراتی حکومت کی جانب سے غیر مسلموں سے برابری کا سلوک اور مہمان نواز رویہ ہے۔ جس ان افراد کو اسلام کی طرف راغب کرنے

میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔اہلِ اسلام کے لیے ایمان پرور خبر یہ ہے کہ دُبئی میں مزید 2,027غیر مسلموں نے فلاح اور بھلائی کے مذہب اسلام سے ناتا جوڑ لیا ہے۔ان نو مسلموں کا تعلق یورپی، افریقی اور ایشیائی ممالک سے ہے۔ محمد بن راشد سنٹر فار اسلامک کلچر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جنوری 2021ء سے جون 2021ء کے دوران ان کے سنٹر کے ذریعے 2,027 غیر مسلموں کو کلمہ شہادت پڑھا کر ان کے دلوں کو اسلام کی روشنی سے منور کر دیا گیا ہے۔ ان افراد نے اسلام کے بارے میں جاننے کی خواہش ظاہر کی تھی، جنہیں اسلام کے آفاقی اور انسانی بھلائی کے پیغام سے پہچان کروائی گئی۔اسلامک سنٹرکو اس بار ہزاروں غیر مسلم تارکین کی جانب سے اسلام کے حوالے سے رہنمائی اور قبول اسلام کی آن لائن درخواستیں موصول ہوئیں، جنہیں بھرپورتعاون دیتے ہوئے انہیں کلمہ شہادت پڑھایا گیا۔ اسلامک سینٹر کی ڈائریکٹر ہند محمد لوطاہ کا کہنا تھا کہ دُبئی میں سینکڑوں ممالک ، مذاہب اور قومیتوں کے لوگ آباد ہیں جو امارات کی اعلیٰ اسلامی و ثقافتی اقدار سے بہت زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، یہاں کے حکمرانوں کی مذہبی رواداری اور اماراتی عوام کے حُسنِ سلوک کی باعث وہ اسلام کو جاننے کی شدید خواہش رکھتے ہیں ۔ہزاروں افراد اسلامک سینٹر کا رُخ کرتے ہیں جہاں ان پر اسلام کی حقانیت اور انسانی بھلائی پرمبنی تعلیمات کا گہرا اثر ہوتا ہے جس کے نتیجے میں وہ اسلام قبول کر لیتے ہیں۔ شعبہ برائے فلاحِ نومسلم کی سربراہ حنا عبداللہ الجلاف نے بتایا کہ ان نومسلم خواتین و مرد کومذہبی، سماجی، ثقافتی اور تعلیمی

شعبوں میں بھر پور رہنمائی بھی فراہم کی جاتی ہے۔نو مسلم چونکہ مختلف ثقافتوں اور ماحول سے تعلق رکھتے ہیں، انہیں اسلام قبول کرنے کے بعد بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جن کے حل کے لیے یہ شعبہ انہیں بھرپور معاونت اور رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اسلام قبول کرنے کے خواہش مند اسلامی مرکز کی ویب سائٹ www.iacad.gov.ae پر آن لائن درخواست بھیج سکتے ہیں یا پھر ٹول فری نمبر 800600پر بھی کال کی سہولت موجود ہے۔اگر کوئی اسلامک سنٹر آ کر اسلام کے حوالے سے رہنمائی لینا چاہتا ہے تو یہ سہولت بھی موجود ہے۔کورونا وبا کے دوران اسلام قبول کروانے کی تقریب

زوم اور سمارٹ اسکرینز کے ذریعے بھی منعقد کرائی جا رہی ہے۔ اسلامک سنٹر نے بھی لاکھوں غیرملکیوں کی دُبئی میں موجودگی کے مدنظر اسلام کا تشخص، اقدار و تعلیمات اُبھارنے کی جانب سے خاصا کام کیا ہے۔ جس کے نتیجے میں کئی غیر ملکیوں نے مذہب اسلام، شریعت اور قوانین کے بارے بہت تحقیق کی ہے۔ جو بالآخر ان کے اسلام قبول کرنے کا باعث بنی۔بہت سے غیر مسلموں کو امارات میں رہنے اور یہاں کے نظام کو سمجھنے میں بھی بڑی مدد ملی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں