شاہنواز دھانی نے اپنی کامیابیاں والدہ ، مرحوم والد کے نام کردیں

لاہور(نیوز ڈیسک) شاہنواز دھانی پی ایس ایل 2021ء کے بہترین بولر اور بہترین ابھرتے ہوئے کھلاڑی بننے کے بعد ہوائوں میں اڑ رہے ہیں ۔ لاڑکانہ کے فاسٹ بولر نے اپنی شاندار کامیابیوں کو اپنے والدین کے لئے وقف کردیا۔ ملتان سلطانز نے پشاور کو شکست دینے کے بعد فاسٹ بالر کو ٹویٹ کیا کہ ’’میں اپنی کامیابیوں کو اپنی والدہ کے نام کرنا چاہتا ہوں جو ہمیشہ میرے لئے دعا کرتی ہیں اور میرے مرحوم والد کے نام (اگر وہ یہاں ہوتے تو انہیں مجھ پر فخر ہوتا)‘‘۔شاہنواز دھانی نے پی ایس ایل میں جگہ بنانے کے لیے ناہموار میدان پر ٹیپ بال سے ننگے پاؤں کھیلنے سے لے کر طویل سفر طے کیا ہے،

انہیں اپنے گاؤں میں کوئی سہولیات میسر نہیں تھی حتی کہ کرکٹ دیکھنے کے لیے بھی کوئی کنکشن نہیں تھا۔وہ اپنے دوستوں سے جوتے لیتے اور دنیا بھر میں ہونے والے کرکٹ میچز براہ راست دیکھنے کے لیے ’جگاڑ‘ لگاتے تھے۔دھانی نے کہا تھا کہ مجھے تیز بولنگ کرنے کا جنون تھا اور میں اپنے گائوں میں اپنی تیز باؤلنگ کے لئے جانا جاتا تھا ، اسی وجہ سے وہاں کے بہت سے لوگوں نے مجھے 3G باؤلر کا نام دیا تھا تاکہ میری سپیڈ کا تعلق انٹرنیٹ کی رفتار کے ساتھ پیدا کیا جاسکے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اپنے ضلع کے انڈر 19 ٹرائلز میں حاضر ہونے کے لئے انہیں کسی دوست سے جوتے لینا پڑے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں