کباڑی کو اغوا کرکے تاوان وصول کرنے والاڈی ایس پی نکلا

کراچی (نیوز ڈیسک ) شہر قائد میں ڈی ایس پی نے تاوان کیلئے کباڑی کو اغوا کرلیا، نوکری سے ہاتھ دھونا پڑگئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی ریپڈ رسپانس فورس الفلاح بیس فہیم فاروقی کو معطل کردیا گیا ، آرآر ایف الفلاح بیس میں تعینات ڈی ایس پی فہیم فاروقی کو کباڑی کے اغوا برائے تاوان کیس میں معطل کیا گیا ہے جب کہ ملزم کے دو ساتھی پولیس اہلکاروں کو پہلے ہی معطل کیا جاچکا ہے۔اس حوالے سے اے آئی جی آپریشن سندھ امیر شیخ نے بتایا کہ معطل ڈی ایس پی کا ایک ہفتے پہلے ہی آر آر ایف میں تبادلہ ہوا تھا ، جہاں فہیم فاروقی نے کباڑی کو اغوا کرکے تاوان وصول کیا ،

اس حوالے سے ایس ایس پی نیول بیس علی رضا کو انکوائری سونپ دی گئی ہے، جب کہ ڈی ایس پی فہیم فاروقی کو معطل کرکے ان سے فوری طور پر پولیس موبائل بھی واپس لے لی گئی۔خیال رہے کہ کراچی کے علاقہ صفورا چورنگی کے قریب دکاندار کو اغوا کرکے تاوان طلب کرنے والے ڈی ایس پی اور ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ، ایف آئی آر میں ڈی ایس پی سمیت تین ساتھی اہلکاروں کو نامزد کیا گیا ، پولیس افسر پر دکاندار کو موبائل میں اغوا کرکے تاوان وصول کرنے کا الزام ہے، سچل کی حدود صفورا گوٹھ سے کباڑی کو بغیر نمبر پلیٹ موبائل میں اغوا کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق ڈی ایس پی موبائل چلارہا تھا اور دکاندار کو آنکھوں پر پٹی باندھ کر گھمایا جاتا رہا، پولیس نے دکاندار کے پاس موجود رقم ہتھیالی اور اس کے ماموں کو فون کرکے مزید پیسے منگوائے ، دکاندار کے رشتے داروں نے 25 ہزار تاوان ادا کرکے اسے ڈی ایس پی سے چھڑوایا تھا ، پولیس کو رقم ادا کرنے والوں نے موبائل فون سے ویڈیو بنالی تھی، تاجر کی درخواست پر ایس ایس پی ایسٹ کے حکم پر مقدمہ درج کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں