حکومت نے موبائل فون پر 5 منٹ سے زائد بات کرنے پر ٹیکس عائدکردیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت نے موبائل فون پر 5 منٹ سے زیادہ بات کرنے پر ٹیکس عائد کر دیا۔ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ حکومت نے موبائل فون پر 5 منٹ سے زائد بات کرنے پر ٹیکس عائد کر دیا ہے۔شوکت ترین کا کہنا تھا کہ موبائل فون پر 5 منٹ سے زیادہ بات کرنے پر 75 پیسے ٹیکس لیں گے لیکن ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا۔وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی ہراسگی سب کا مسئلہ ہے، اس کی وجہ سے ٹیکس پیئر ریٹرنز فائل نہیں کرتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ہم تھرڈ پارٹی بنائیں گے جو ایک قانونی اسٹرکچر ہو، ہم صرف آڈٹ کریں گے، ٹیکس پیئرکے ساتھ گفتگو کی جائے گی، اسے گرفتار نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ڈیڑھ کروڑ افراد کی پروفائل آگئی ہیں کہ یہ ٹیکس نہیں دے رہے، اس معاملے میں ایف بی آر وہاں نہیں جائے گی، اس کا نظام یہ لارہے ہیں کہ تیسرے فریق کے ذریعے ان سے بات کریں۔خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ موبائل کالز، انٹرنیٹ ڈیٹا اور ایس ایم ایس پر ٹیکس لگانے کی وزیراعظم اورکابینہ نےمخالفت کی جس کے بعد ان سب پر ٹیکس عائد نہیں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں