ضمانت منظور،خواجہ آصف کو رہا کر دیا گیا

لاہور(نیوز ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد رہا کر دیا گیا۔لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خواجہ آصف کی ضمانت منظور کی تھی۔جیل حکام خواجہ آصف کی رہائی کے احکامات لے کر اسپتال پہنچے اور اسپتال عملے کو رہائی کی روبکار دیکر روانہ ہو گئے۔ سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کاشف رسول کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔خواجہ آصف جناح اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کے وکیل نجم الحسن کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے خواجہ آصف

کو دو دن تک آرام کا مشورہ دیا ہے، خواجہ آصف کا مثانے کا آپریشن ہوا ہے۔لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض خواجہ آصف کی ضمانت منظور کی تھی۔نیب کے مطابق خواجہ آصف کے پاس 2004 سے 2008 تک غیر ملکی اقامہ رہا، انہوں نے بطور کنسلٹنٹ لیگل ایڈوائزر کے 13 کروڑ 60 لاکھ روپے وصول کیے۔خواجہ آصف کو لی گئی تنخواہ سمیت دیگر تفصیلات جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھی،انہیں کمپنی کو دی گئی نوکری کی درخواست جمع کروانے کا کہا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے خواجہ آصف کو اقامہ ایگریمنٹ بھی نیب کو جمع کروانے کا کہا گیا تاہم وہ دوران تفتیش مسلسل عدم تعاون کرتے رہے ہیں۔نیب کا الزام ہے کہ بینک کے چپڑاسی نے خواجہ آصف کے اکاؤنٹ میں اٹھائیس ملین سے زائد رقم جمع کرائی۔ مبینہ طور پر رہنما کے بھتیجے نے بھی20 ملین جمع کرائے اور خواجہ آصف کو2 ملازمین نے35 ملین روپے کی ٹرانزیکشنز کیں۔یاد رہے کہ خواجہ آصف کو 29 دسمبر 2020 کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ خواجہ آصف نے درخواست ضمانت 27 مارچ 2021 کو دائر کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں