خواتین کے لباس سے متعلق وزیراعظم کا بیان ، پیپلزپارٹی کا شدید ردعمل آگیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) خواتین کے لباس سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر پاکستان پیپلزپارٹی کا شدید ردعمل آگیا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ کسی مرد کو یہ حق نہیں کہ وہ خواتین کے خلاف جنسی تشدد اور جرائم کا الزام خواتین یا اُن کے لباس پر عائد کرے ، صدمہ ہوا ہے کہ ہمارے وزیراعظم نے ایسا کیا ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا یہ بیان انتہائی غیر ذمے دارانہ اور قابلِ مذمت ہے ، کسی بھی وزیر اعظم کے لیے اس طرح کی بات کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے ، کیا عمران خان نہیں جانتے کہ ایسا کہہ کر اُنہوں نے

خواتین پر ظلم کرنے والوں کو اپنے جرائم کے جواز کے لیے نیا بیانیہ فراہم کیا ہے۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی نیوز ویب سائٹ ایگزیاس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مرد کوئی روبوٹ نہیں، عورت اگر کم کپڑے پہنے گی تو اس کا اثر توہوگا ، ہمارے پاس یہاں ڈسکو یا نائٹ کلب نہیں بلکہ مکمل طور ایک مختلف معاشرہ ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی نہیں یہ کہا کہ عورتیں برقعہ پہنیں، عورتوں کے مختصر لباس پہننے سے مردوں پر اثر پڑتا ہے ، اگر کوئی عورت چھوٹے کپڑے پہنتی ہے تو اس کا مردوں پر اثر پڑے گا یہاں تک کہ وہ روبوٹس نہ ہوں، یہ کامن سنس ہے۔وزیراعظم عمران خان نے عورتوں کے پردے سے متعلق اپنے بیانات سے متعلق اہنکر کے سوال کے جواب میں کہا کہ ہمارے معاشرے میں عورت کے پردے کا تصور فتنہ سے بچنا ہے، مغرب اور ہماری ثقافت میں بہت زیادہ فرق ہے ، ہم جس معاشرے میں رہتے ہیں وہاں ہمارے پاس ڈسکو نہیں ہے اور نہ ہی یہاں پر کلبز ہیں، ہمارے معاشرے میں نوجوان لڑکوں کے پاس کوئی جگہ نہیں لہذا اس چیز کے نتائج تو برآمد ہوں گے ، معاشرے میں اگر بے راہ روی بڑھے جائے گی اور نوجوانوں کے پاس اپنے جذبات کے اظہار کی کوئی جگہ نہیں ہو گی تو اس کے معاشرے کے لیے مضمرات ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں