افغانستان کے حالات مزید کشیدہ، افغان طالبان نے 6 ہفتوں میں افغانستان کے 70 اضلاع

کابل(نیوز ڈیسک) افغان طالبان کی جانب سے افغانستان کے 131 اضلاع پر قبضے کا دعویٰ سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان طالبان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 6 ہفتوں میں افغانستان کے 70 اضلاع پر کنٹرول حاصل کر لیا اور اس وقت طالبان کا ملک کے 131 اضلاع پر قبضہ ہے ، اس کے علاوہ ملک کے تمام صوبوں میں طالبان نے کئی اضلاع پر کنٹرول حاصل کرلیا۔ تاہم اس ضمن میں افغان حکومت کا یہ موقف سامنے آیا ہے کہ انہوں نے کئی اضلاع کو طالبان سے واپس لے لیا اور کئی اضلاع سےجنگی حکمت عملی کے تحت سیکیورٹی فورسز نکل گئی ہیں ،

ورنہ وہ طالبان کا زور توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں کیوں کہ عسکریت پسندوں کے پاس بھاری ہتھیاروں کی کمی ہے اور انہیں افغان فوج کی جانب سے فضائی حملوں کا بھی خطرہ ہے۔بتایا گیا ہے کہ افغانستان میں کل اضلاع کی تعداد 421 اورصوبوں کی تعداد 34 ہے ، جہاں طالبان اورحکومتی فورسزکے درمیان حالیہ دنوں میں لڑائی میں شدت آ گئی ہے ، طالبان نے گزشتہ ہفتوں میں افغان فوج پر حملے کیے ہیں اور ملک کے فوجی حکام کو کئی دیہی اضلاع سے نکلنے پر مجبور بھی کردیا ، غالب امکان یہی ہے کہ امریکہ اور اس کے بین الاقوامی اتحادیوں کے افغانستان سے جانے کے بعد طالبان ملک کے شہروں میں حملے کریں گے۔صوبہ غزنی کے ایک رہنما ملا مصباح نے عالمی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ تکبر میں مبتلا امریکی سمجھتے تھے کہ وہ طالبان کو دنیا سے مٹا دیں گے لیکن طالبان نے امریکیوں اور ان کے اتحادیوں کو شکست دی ، امریکیوں اور اس کے اتحادیوں کے نکلنے کے بعد افغانستان میں اسلامی نظام رائج ہوگا ، امریکیوں کے افغانستان سے جانے کے بعد افغان فوج پانچ دن بھی نہیں گزار سکے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں