حکومت مخالف تحریک ، پی ڈی ایم نے ایک بار پھر سڑکوں پر آنے کا اعلان کردیا

پشاور(نیوز ڈیسک) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پر مشتمل حزب اختلاف اتحاد ایک بار پھر حکومت مخالف تحریک کے لیے متحرک ہوگیا ، 29 جولائی کو کراچی میں بڑے جلسے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کسی مسافر کے اترنے سے سفر نہیں رکتا، پی ڈی ایم اپنی جگہ پرقائم ہے ، ہم اب بھی اپنے موقف پر قائم ہیں ، حکومت کے خلاف عوامی قوت کے ساتھ تحریک کا عمل جاری ہے ، اس سلسلے میں سوات میں 4 جولائی کو تاریخ کا بڑا اجتماع ہوگا ، ہم ثابت کریں گے کہ حکومت کو عوام پر کیسے مسلط کیا گیا ،

ایسے لوگ پشتون لوگوں کے نمائندے نہیں بن سکتے ، جس کے بعد 29 جولائی کو کراچی میں بڑا جلسہ ہوگا اور ایک بار پھر وہاں عوامی صفحوں کو منظم کیا جائے گا ، کیوں کہ کسی بھی حال میں حکومت کو رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے ، ملک کو آئین کی پٹڑی پر واپس لانے کی جدوجہد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نااہل لوگوں کو بٹھا کر پارلیمنٹ کی بے توقیری کی گئی اور ہلڑ بازی کا سلسلہ اب بلوچستان پہنچ گیا ، جس کے بعد حکومت کے برقرار رہنے کا کوئی جواز نہیں رہ گیا ، اس حکومت کو یہودی ایجنٹ کے تحت لایا گیا ، یہ ایک جنگ ہے اور ہم اس کے خلاف کھڑے ہیں ، سال 2018 کے عام انتخابات میں خالصتا امریکی اور یہودی ایجنڈے پر عمل کیا گیا لیکن آج نئے نظام کا تجربہ ناکام نظر آریا ہے ، ہم 4 جولائی کو سوات اور 29 جولائی کو کراچی میں بڑا جلسہ کریں گے کیوں کہ پی ڈی ایم اب بھی اپنے مؤقف پر قائم ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پشتون بیلٹ میں مذہب کی جڑیں بہت گہری ہیں اور ان جڑوں کو اکھارنے کے لیے عمران خان کو لایا گیا ، منصوبے کے تحت نئی نسل کو گمراہ کیا گیا ہے اور ایک مادرپدر آزاد معاشرہ تشکیل دینے کی کوشش کی جا رہی ہے جب کہ اس وقت فاٹا اور وہاں کے عوام مظلومیت کے دور سے گزر رہے ہیں اور قبائلی اضلاع میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہو رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں