رکن آزاد کشمیر اسمبلی صغیر چغتائی اور ڈرائیور کی نعشیں منگلا ڈیم سے مل گئیں

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)تحریک انصاف کے رہنما اور رکن آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سردار صغیر چغتائی اور ان کے ڈرائیور کی لاشیں منگلا ڈیم سے مل گئیں، 11جون کو اُن کی گاڑی دریائے جہلم میں گرگئی تھی۔اسسٹنٹ کمشنر میرپورآزاد کشمیرمنیر احمد قریشی کے مطابق منگلا ڈیم میں قلعہ رام کوٹ کے قریب دو لاشیں ملی ہیں، جن کی شناخت سردار صغیر چغتائی اور اُن کے ڈرائیورکے نام سے ہوئی ہے۔دو روز قبل صغیر چغتائی کے سیکرٹری احتشام کیانی کی لاش بھی دھان گلی ڈڈیال سے ملی تھی۔11 جون کو آزاد پتن کےمقام پر

صغیر چغتائی کی گاڑی سامنے سے آنے والی کار سے ٹکرا کر دریائے جہلم میں جاگری تھی جس کے نتیجے میں صغیر چغتائی، سیکرٹری اور ان کے ڈرائیور ڈوب گئے تھے۔ خیال رہے کہ اس حادثے میں سردار صغیر چغتائی سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔لاشوں کی تلاش کے لیے کئی دنوں سے جاری ریسکیو آپریشن میں پاکستان نیوی سمیت دیگر ادارے شریک تھے۔آزاد پتن میں حادثہ دو گاڑیوں کے ٹکرانے کے باعث پیش آیا تھا، جس کے بعد آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن سردار صغیر چغتائی کی گاڑی بے قابو ہو کر دریا میں گر گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں