پارلیمنٹ میں حکومتی ارکان کی ہلڑبازی ذہنی طور پرشکست کا اعتراف ہے،قومی اسمبلی ہنگامہ آرائی پر مریم نواز کاردعمل

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں حکومتی ارکان کی ہلڑبازی ذہنی طور پرشکست کا اعتراف ہے، ایسی زبان استعمال کرنا پی ٹی آئی گروہ کا وطیرہ ہے، عربی کی ایک کہاوت ہے انسان جب مایوس ہو جائے تو زبان دراز ہوجاتا ہے۔انہوں نے ٹویٹر پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی تقریر کے دوران حکومتی ارکان کی ہلڑبازی اور گندی گالیاں دینے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ آج پارلیمنٹ میں حکومتی ارکان کی جانب سے جو ہلڑبازی کی گئی، جس طرح کی زبان استعمال کی گئی وہ ناصرف تحریک انصاف جیسے گروہ کا وطیرہ ہے بلکہ ذہنی

طور پر ان کی شکست کا اعتراف ہے۔انہوں نے کہا کہ عربی کی ایک کہاوت ہے ’’اذا یئسَ الانسانُ طالَ لِسانُهُ‘‘ انسان جب مایوس ہو جائے تو زبان دراز ہو جاتا ھے۔قومی اسمبلی میں دوسرے روز بھی وزراء اور حکومتی اراکین نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی تقریر کے دور ان شدید احتجاج، نعرے بازی اور خوب شور شرابہ کیا، حکومتی رکن علی نواز اعوان نے بجٹ دستاویز لیگی رہنما روحیل اصغر کو دے ماری ، دونوں کے درمیان سخت جملوں اور گالم گلوچ کا تبادلہ بھی ہوا، اپوزیشن اراکین نے شہباز شریف کی تقریر کے دوران ان کے گرد حفاظتی حصار بنائے رکھا، حکومت اور اپوزیشن ارکان نے ایک دوسرے کے خلاف جملے بازی کی، نعرے لگائے اور گالم گلوچ بھی کی، حکومتی اراکین نے اسپیکر قومی اسمبلی کی ایک نہ سنی ،اسپیکر کو مجبوراً اجلاس بیس منٹ کیلئے ملتوی کر نا پڑا۔اپوزیشن احتجاج کے دوران کئی وزراء مسکراتے رہے ۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے میری تقریر کے دوران مداخلت کرنے دی، آپ نے اس ایوان کا احترام مجروح کرایا، آپ کو تاریخ یاد رکھے گی کہ کس طرح اس مقدس ایوان کا تقدس و احترام مجروح کرایا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے ایوان میں اراکین کو موبائل استعمال کرنے سے روک دیا، انہوں نے عملے کو ہدایت کی جو اراکین موبائل سے ویڈیو بنا رہے ہیں ان کے موبائل لے لیے جائیں۔بعد ازاں قومی اسمبلی کااجلاس وقفہ کے بعد دوبارہ شروع ہوا تو حکومتی اراکین کی جانب سے ہنگامی آرائی اور شورشرابہ کا سلسلہ جاری رہا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی اپوزیشن لیڈر کوبجٹ سیشن میں تقریر کرنے پر حکومتی نے خوب ہلڑ بازی کی تھی اور اپوزیشن لیڈر تقریر نہ کر سکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں