قوم نے دیکھا کہ عمران خان اخلاقی طور پر کس قدر کھوکھلا شخص ہے،شہبازشریف

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) آج پوری قوم نے اپنی ٹی وی سکرینز پر دیکھا کہ کس طرح حکومت نے ایوان میں غنڈہ گردی کی اور ننگی گالیاں بکیں، قوم نے دیکھ لیا کہ عمران خان نے کس طرح پی ٹی آئی کو گالیاں دینے والی جماعت میں بدل دیا ہے، قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی پر شہبازشریف کا شدید ردعمل سامنے آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیے گئے اپنے ایک ٹویٹ میں مسلم لیگ ن کے صدر اورقائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج پوری قوم نے اپنی ٹی وی سکرینز پر دیکھا کہ کس طرح حکومت نے ایوان میں غنڈہ گردی کی اور ننگی گالیاں بکیں۔

قوم نے دیکھ لیا کہ عمران نیازی اخلاقی طور پر کس قدر کھوکھلا شخص ہے اور کس طرح پی ٹی آئی کو ایک فسطائی اور گالیاں دینے والی جماعت میں بدل دیا ہے۔صد افسوس۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں حکومتی ارکان کی ہلڑبازی ذہنی طور پرشکست کا اعتراف ہے، ایسی زبان استعمال کرنا پی ٹی آئی گروہ کا وطیرہ ہے، عربی کی ایک کہاوت ہے انسان جب مایوس ہو جائے تو زبان دراز ہوجاتا ہے۔انہوں نے ٹویٹر پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی تقریر کے دوران حکومتی ارکان کی ہلڑبازی اور گندی گالیاں دینے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ آج پارلیمنٹ میں حکومتی ارکان کی جانب سے جو ہلڑبازی کی گئی، جس طرح کی زبان استعمال کی گئی وہ ناصرف تحریک انصاف جیسے گروہ کا وطیرہ ہے بلکہ ذہنی طور پر ان کی شکست کا اعتراف ہے۔انہوں نے کہا کہ عربی کی ایک کہاوت ہے ’’اذا یئسَ الانسانُ طالَ لِسانُهُ‘‘ انسان جب مایوس ہو جائے تو زبان دراز ہو جاتا ھے۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں دوسرے روز بھی وزراء اور حکومتی اراکین نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی تقریر کے دور ان شدید احتجاج، نعرے بازی اور خوب شور شرابہ کیا، حکومتی رکن علی نواز اعوان نے بجٹ دستاویز لیگی رہنما روحیل اصغر کو دے ماری ، دونوں کے درمیان سخت جملوں اور گالم گلوچ کا تبادلہ بھی ہوا، اپوزیشن اراکین نے شہباز شریف کی تقریر کے دوران ان کے گرد حفاظتی حصار بنائے رکھا، حکومت اور اپوزیشن ارکان نے ایک دوسرے کے خلاف جملے بازی کی، نعرے لگائے اور گالم گلوچ بھی کی، حکومتی اراکین نے اسپیکر قومی اسمبلی کی ایک نہ سنی ،اسپیکر کو مجبوراً اجلاس بیس منٹ کیلئے ملتوی کر نا پڑا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں