پی ایف یو جے ورکرز کا جمعۃ المبارک کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز کی کال پر پی ایف یو جے ورکرز کے صدر پرویزشوکت اور آر آئی یو جے ورکرز کے عہدیداروں پر پولی کلینک ہسپتال کے باہر ہونے والے حملے کے خلاف بروز جمعہ المبارک 18جون کو شام 5 بجے ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے زیراہتمام ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ ڈی چوک پرہوگا جس میں کثیر تعداد میں صحافی اور میڈیا ورکرز شرکت کرینگے جبکہ ملک بھر میں پی ایف یو جے ورکرز سے منسلک تنظیمیں اپنے اپنے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کریں گی۔

صدر پی ایف یو جے وکررزپرویز شوکت، سیکرٹری جنرل راجہ ریاض، نائب صدر طاہر راٹھور اور دیگر عہدیداروں نے پولی کلینک کے سامنے دن دیہاڑے حملہ کرنے اور فائرنگ کرنے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پولیس ابھی تک کاروائی کرنے سے گریزاں ہے جس کی وجہ سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔اسلام آباد میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے کی قیادت صدر پی ایف یو جے ورکرز پرویز شوکت، صدرآر آئی یو جے ورکرز شیخ یاسر شہزاد، جنرل سیکرٹری عاطف شیراز ی ، نائب صدر عبید ابرار خان، نائب صدر (خواتین)صوفیہ صدیقی، سینئرجوائنٹ سیکرٹری ثاقب سلیم قریشی، جوائنٹ وہاب علوی، ممبران ایگزیکٹو باڈی ،عدیل رضا ،محمد سمیع، سید انوار زیدی، عرفان خان ، راحیل، شاہ رخ معین خان ، عزیر امیر خان ، احمد فراز، نعمان سلہری،رانا رضوان ، اویس قاضی، عثمان ملک کریں گے۔سول سوسائٹی اور مزدور تنظیموں سے بھی مظاہرے میں شرکت کی اپیل ہے۔ ملک بھر کے صحافی اپنے حقوق اور کمیونٹی کے تحفظ کےلیے جمعہ کو ہونے والے ملک گیر احتجاج میں بھرپور شرکت کرکے اس تحریک کو کامیاب بنائیں۔ انصاف کی فراہمی تک احتجاجی مظاہرے جاری رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں