مرغی، دالیں، آٹا، چینی سستے ہوگئے،ملک میں مہنگائی کی شرح میں کی کمی ہوگئی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.59 فیصد کی کمی ہوگئی، ایک ہفتے میں 14 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 9 اشیاء اور 28 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا، مرغی، دالیں، آٹا، چینی سستے، مٹن، مشروبات، ادویات مہنگی ہوگئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے ہیں، ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.59 فیصد کی کمی ہوئی، ایک ہفتے میں 14 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔گزشتہ ہفتے 28 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ جن اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں گزشتہ ہفتے مرغی

کی فی کلو قیمت میں 16.19 فیصد کی کمی ہوئی۔ دال مونگ 2.38 فیصد، دال ماش 1.74 فیصد سستی ہوئی۔آلو، چینی اور آٹا بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔ اسی طرح جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں گزشتہ ہفتے پیاز12.01 فیصد، ٹماٹر 8.06 فیصد مہنگا ہوا، گزشتہ ہفتے لہسن 1.53 فیصد اور مٹن 1.16 فیصد مہنگا ہوا، جولائی سے اپریل تک بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 12.9 فیصد اضافہ ہوا۔ایک سال میں ٹیکسٹائل کی صنعت میں 3.39 فیصد کی گروتھ ہوئی۔ فوڈ، مشروبات اور تمباکو کی صنعتوں کی پیداوار میں 2.52 فیصد اضافہ، فارما سوٹیکل کی صنعت کی پیداوار میں 0.96 فیصد کی گروتھ ہوئی۔ آٹوموبیل کی صنعت میں 1.68 فیصد پیداوار میں گروتھ ہوئی۔ دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے مہنگائی میں اضافے کا اشارہ دے دیا ، انہوں نے گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم لیوی کو 20 سے 25 روپے تک لے جانا ہوگا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں کچھ اضافہ ہوگا۔آئی ایم ایف کو پتا ہے ہم نے بجٹ کا اعلان کردیا ہے، ہم نے اپنا پلان آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کیا ہے، آئی ایم ایف پروگرام سے باہر نہیں آسکتے،دنیا میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 120 فیصد اضافہ ہوا، ہم نے صرف 34 فیصد اضافہ کیا، ڈیڑھ ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا، اب اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تو ہمیں بھی قیمتیں بڑھانا ہوں گی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں