کتنے دنوں میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کردینگے، حکومت نے شاندار اعلان کردیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) تربیلا میں پانی کی سطح بلند ہونے پر پن بجلی کی پیداوار میں بہتری، نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی میں 672میگا واٹ کا اضافہ کر دیا، حکومت نے کل تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہرکا کہنا ہے کہ کل تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پا لیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر کا کہنا تھا کہ اس وقت طلب کے مقابلے میں صرف 593 میگاواٹ کا شارٹ فال ہے جس پر کل تک قابو پالیں گے۔ دوسری جانب واپڈا کے ترجمان نے بتایا ہے کہ تربیلا میں پانی کی سطح بلند ہونے

پر پن بجلی کی پیداوار میں بہتری آنے لگی ہے، تربیلا ہائیڈل پاور اسٹیشن کے 2 مزید یونٹس سے بجلی کی پیداوار شروع ہو گئی ہے، تربیلا سے نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی میں 672میگا واٹ کا اضافہ ہوگیا۔ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا سے اس وقت 2 ہزار 30 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے ،واپڈا کے پن بجلی گھر نیشنل گرڈ کو 5 ہزار 264 میگاواٹ بجلی مہیا کر رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ پیک آورز میں پن بجلی کی پیداوار میں مزیداضافہ ہو جائیگا اور پیک آورز کے دوران پن بجلی کی پیداوار تقریباً 6 ہزارمیگاواٹ تک پہنچ جائیگی۔واضح رہے کہ اس سے قبل تربیلا ڈیم میں مٹی آجانے سے بجلی کی پیداوار بند ہوگئی تھی اور مشینری کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا،ذرائع کے مطابق تربیلا سے ہی 4 ہزار میگاواٹ سے زائد پیداوار میں کمی کا سامنا تھا۔ملک کے بڑے شہروں میں وقفے وقفے سے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہری پریشان ہیں جبکہ چمن کے علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ قریب 18 گھنٹے ہے جبکہ دیہی علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ 20 گھنٹوں تک پہنچ گئی ہے جس سے گرمی کے ستائے عوام کی مشکلات بے حد بڑھ چکی ہیں۔ یاد رہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں اس وقت 20 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس سے گرمی کے ستائے عوام بلبلا اٹھے ہیں۔ بجلی کی بندش سے نہ صرف عوام پنکھوں کی سہولت سے محروم ہوئے ہیں بلکہ پانی کی بوند بوند کو بھی ترس گئے ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں