فردوس عاشق اعوان نے ایم این اے قادر مندوخیل کو ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا

لاہور(نیوز ڈیسک) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر مندوخیل کو ہرجانے کا لیگل نوٹس بھجوا دیا، بغیر ثبوت کرپشن کے الزامات لگائے گئے جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، معافی نہ مانگی گئی تو ہتک عزت آرڈیننس کے تحت کاروائی کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اور پیپلزپارٹی کے ایم این اے قادر مندوخیل کے درمیان بحث و مباحثہ ، تلخ کلامی کے بعد نوبت ہاتھا پائی تک جاپہنچی ، فردوس عاشق اعوان نے تلخ کلامی کے دوران مندوخیل کے منہ پر تھپڑ رسید کردیا لیکن

مندوخیل نے اس کے جواب میں کوئی مزاحمت نہیں کی۔اس موقع پر فردوس عاشق نے مندوخیل کو دھمکی دی کہ آپ کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کروں گی۔آج فردوس عاشق اعوان نے قادر مندوخیل کو ہرجانے کا لیگل نوٹس بھجوا دیاہے۔ نوٹس کے متن میں کہا گیا کہ قادر مندوخیل نے پروگرام میں بدسلوکی، ہراساں کرنے اور الزامات لگائے۔ بغیر ثبوت کرپشن کے الزامات لگائے گئے جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ قادر مندوخیل الزامات کو واپس لیں اور 14 روز میں غیرمشروط معافی مانگیں۔اگر مندوخیل نے معافی نہ مانگی تو ہتک عزت آرڈیننس 2020کے تحت کاروائی کریں گے۔ اسی طرح معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے اپنے ردِعمل میں کہا کہ عبدالقادرمندو خیل نے مسلسل میرے خلاف فحش استعمال کی۔وقفے کے دوران انہوں نے مجھے اور میرے والد کو گالیاں دیں۔ میرے والد کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے۔مجھے نہ صرف دھمکیاں دی گئیں بلکہ ہراساں بھی کیا گیا۔مجھے اپنے دفاع میں یہ قدم اٹھانا پڑا،ویڈیو مکمل نہیں جاری کی گئی،میرا مطالبہ ہے کہ مکمل ویڈیو جاری کی جائے تاکہ عوام کو حقائق کا پتہ لگے کہ مجھے یہ قدم اٹھانے کے لیے کیسے مجبور کیا گیا۔فردوس عاشق اعوان نے عبدالقادرمندو خیل کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قانونی ٹیم سے مشاورت کےبعد قادر مندوخیل کےخلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ اس کے برعکس قادر مندوخیل نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان معافی مانگے تو معاف کرنے کو تیار ہوں۔ میں نے فردوس عاشق اعوان کو گالی نہیں دی اور نہ دینے کا سوچ سکتا ہوں۔غلطی تسلیم کرنے کی بجائے میرے خلاف عدالت جانا ڈھٹائی کے سوا کچھ نہیں۔میں بھی قانون راستہ اپنانے کا حق رکھتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں