کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل سم بلاک کرنے کی تیاریاں

لاہور (نیوز ڈیسک ) کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل سم بلاک کر دیے جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت ہوئے اجلاس میں صوبے میں کورونا وبا کی صورتحال اور ویکسینیشن مہم کے حوالے سے تفصیلی غور و فکر کیا گیا۔ اجلاس کے دوران کورونا ویکسین مہم میں تیزی لانے کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی گئیں۔اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ ویکسین نہ لگوانے افراد کی موبائل سم بند کر دی جائے، جبکہ ویکسین نہ لگانے والوں کا دفاتر، پبلک پارکس، ریسٹورنٹس اور شاپنگ مالز میں داخلہ بند کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے جلد فیصلہ کیے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی اجلاس میں کورونا کی صورتحال اور کاروباری پابندیوں میں نرمی پر غور کیا گیا۔این سی اوسی نے ملک بھر میں کورونا ویکسی نیشن مہم 3 حصوں میں چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ویکسی نیشن کا عمل سرکاری اورغیرسرکاری ملازمین کیلئے لازمی ہوگا۔ تمام ملازمین 30 جون تک کورونا ویکسی نیشن لازمی کرائیں۔ عام شہریوں کو رضاکارانہ طور پر ویکسین لگائی جائے گی۔ ویکسی نیشن سینٹرز 11 جون سے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔ کورونا ویکسی نیشن سینٹرز اب اتوار کو بند رہیں گے، 18سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے 11 جون سے واک ان ویکسی نیشن کی سہولت ہوگی۔اسی طرح این سی اوسی نے کاروباری پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ کاروبار 2 دن کے بجائے ایک دن بند رکھے جائیں گے۔ اب صرف اتوار کو کاروبار بند ہوں گے۔ ان ڈور جم کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جم کے تمام ممبرز کے لیے کورونا ویکسی نیشن لازمی ہوگی۔ دفاتر میں 50 فیصد حاضری کو بڑھا کر واپس 100 فیصد کردی گئی ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافروں کی گنجائش 50 سے بڑھا کر 70 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہفتے میں2 روز بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی15جون سے ختم کردی جائے گی۔ کراٹے، کبڈی، رگبی اور ریسلنگ پر پابندی برقرار رہے گی، مزارات اور سینما پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔ میلے اور ثقافتی تقریبات پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں