کورونا ویکسین سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانے والے ہوجائیں خبردار، حکومت نے سخت کاروائی کا اعلان کردیا

کراچی(نیوز ڈیسک)وزیر اطلاعات سندھ سیدناصر حسین شاہ نے کہاہے کہ کورونا ویکسین کے بارے میں سوشل میڈیا پر غلط، من گھڑت اور جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ٹاسک فورس کی میٹنگ میں کورونا مثبت کیسز کے اعداد و شمار آئیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اگر کورونا مثبت کیسز کی شرح میں کمی ہوئی تو تاجروں کے مطالبات ضرور مانیں گے۔دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 21 ہزار323 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد

کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 33 ہزار630ہے۔ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 47 ہزار376 ہے اور 8 لاکھ 64 ہزار931 افراد کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 10 ہزار314 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 5 ہزار136، خیبرپختونخوا 4 ہزار 158، اسلام آباد 765، گلگت بلتستان 107، بلوچستان میں 289 اور آزاد کشمیر میں 554 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 81 ہزار766، خیبرپختونخوا ایک لاکھ 34 ہزار558، پنجاب 3 لاکھ 42 ہزار 498، سندھ 3 لاکھ 23 ہزار828، بلوچستان 25 ہزار819، آزاد کشمیر 19 ہزار 510اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 642 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں