پولیس اہلکار کو کچلنے والابگڑا امیر زادہ ٹیکسٹائل مل کا مالک نکلا،مزید انکشافات

لاہور ( نیوز ڈیسک) پولیس اہلکار کو کچلنے والا بگڑا امیر زادہ ٹیکسٹائل مل کا مالک نکلا، حادثے کے وقت ملزم کی گاڑی میں کروڑوں روپے کی نقدی موجود تھی، کینال روڈ حادثے میں ملوث ملزم سے متعلق نئے انکشافات سامنے آ گئے- تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے گارڈن ٹاؤن میں اہلکار کو گاڑی تلے کچلنے والے ملزم کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا۔پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے گارڈن ٹاؤن میں محافظ فورس کے اہلکار کو لگژری گاڑی تلے روندنے کے واقعے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، انویسٹی گیشن پولیس نے ملزم حمزہ کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل حاصل کرلیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش گاڑی میں ڈھائی کروڑ روپے موجود ہونے کا دعویٰ کیا لیکن گاڑی مکمل طور پر جل چکی تھی اور رقم کا کوئی علم نہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم فیصل آباد میں واقع ایک ٹیکسٹائل مل کا مالک ہے جب کہ ملزم سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔ ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ گاڑی مال روڈ کے قریب واقع شوروم میں عمر شیخ نامی شخص سے خریدی تھی اور ہوٹل میں عمر شیخ سے ملاقات تھی، نئی گاڑی خریدنے کےلیے رقم لیکر آیا تھا۔ دوسری جانب کینال روڈ پر لگژری گاڑی کی ٹکر اور آگ لگنے کے واقعے پر سوالات اٹھنا شروع ہوگئے ہیں کہ مال روڈ ہوٹل سے گاڑی گارڈن ٹاؤن کیسے پہنچی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم شخص نے ہوٹل انتظامیہ کو گاڑی مالک کو کمرہ دینے کےلیے فون کیا تھا، جس پر ہوٹل انتظامیہ نے معاملے کو مشکوک جانتے ہوئے پولیس کا مطلع کیا۔ اطلاع ملتے ہی محافظ فورس کے دو پولیس اہلکار عاشق اور منور ہوٹل پہنچے اور لگژری گاڑی والے شخص کو تھانے چلنے کو کہا اور اس دوران پولیس اہلکار منور گاڑی میں سوار ہوگیا۔ذرائع کے مطابق حمزہ جاوید نامی شخص نے پولیس اہلکار کو دو لاکھ روپے رشوت کا لالچ دیا، جس کے بعد پولیس اہلکار 1 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع پولیس اسٹیشن جانے کے بجائے نہر پر چلے گئے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ نہر پر اہلکار منور اور حمزہ جاوید میں تلخ کلامی ہوئی جس پر معاملہ خراب ہوگیا اور نتیجہ اہلکار کو کچلنے اور گاڑی میں آگ لگنے کی صورت میں سامنے آیا۔خیال رہے کہ لاہور کی کینال روڈ پر نشے میں دھت

شخص نے شہری اور پولیس اہلکار پر گاڑی چڑھا دی تھی ، ہفتے کے روز پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں انتہائی تشویش ناک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز کے مطابق لاہور کی مصروف ترین شاہراہ کینال روڈ پر نشے میں دھت ایک امیر زادے نے ایک شہری اور پولیس اہلکار کو اپنی رینج روور گاڑی کے تلے روند ڈالا۔بتایا گیا ہے کہ گاڑی کے ڈرائیور نے تیز رفتاری کے باعث کینال روڈ پر ڈولفن پولیس کی موٹرسائیکل کو ٹکر مارنے کے بعد ایک پولیس اہلکار اور اور ایک شہری کو روند ڈالا ، اس موقع پر پولیس اور شہریوں نے اکٹھے ہو کر نشے میں دھت شخص کو پکڑنے کی کوشش کی تاہم وہ جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔ بعد ازاں نشے میں دھت ڈرائیور اپنی رینج روور لے کر برکت مارکیٹ کے علاقے میں پہنچ گیا، جہاں پولیس نے تعاقب کرکے گاڑی کو روکا ، اسی دوران گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی اور فائر بریگیڈ کے پہنچنے سے قبل ہی گاڑی جل کر خاکستر ہوگئی بعد ازاں فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پا لیا تاہم گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو چکی تھی جب کہ پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لیکر تحقیقات شروع کر دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں