سوشل میڈیا کے حوالے سےقانون بنانے کی تیاریاں ، فواد چوہدری نے اہم اعلان کردیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے سوشل میڈیا کے حوالے سے قانون بنانے کا عندیہ دے دیا ، فواد چوہدری کہتے ہیں کہ جعلی اور جھوٹی خبروں کی روک تھام کے لیے قانون میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے مگر موجودہ صورت حال میں سوشل میڈیا سے متعلق قانون بنانے کی ضرورت ہے ، اس کے علاوہ میڈیاسے متعلق بھی قانون میں اصلاحات ضروری ہیں جس پر سب سے مشاورت کی جائے گی ، حکومت اپوزیشن کو مسائل پر بات چیت کے لیے دعوت دے رہی ہے ،

الیکٹورل ریفارمز، عدالتی اصلاحات سمیت ہر چیز پر بات کیلئے تیار ہیں ، وزیراعظم عمران خان نےخود انتخابی اصلاحات کے حوالے سے اپوزیشن سے بات چیت کرنے کا اعلان کیا تھا اور ساتھ ہی واضح بھی کیا تھا کہ کرپشن کے مقدمات پر بات نہیں ہوگی ، ذاتی طور پر سمجھتا ہوں اپوزیشن کے ساتھ آگے بڑھنا ضروری ہے ، حزبِ اختلاف کے پاس موقع ہے کہ وہ ضد چھوڑ کر معاملات پر آگے بڑھے کیوں کہ بڑی اصلاحات میں اپوزیشن کا کردار بھی ہونا چاہیے۔فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف سمیت دونوں پارٹیزکو فوکل پرسن مقررکرنےکیلئے خط بھیجا ، جس میں سے پاکستان پیپلزپارٹی پارٹی نے تو اپنا فوکل پرسن منتخب کردیا ہے مگر مسلم لیگ ن نے کوئی جواب نہیں دیا، ہم نے تو پیش کش کی ہے کہ آپ تجاویز دیں پھر پارلیمانی پارٹیز کی سطح پربات کرتے ہیں، لیکن اپوزیشن کی جانب سے ہمارے مثبت پیغام کا جواب نہیں دیا جا رہا۔پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے حوالے سے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسوں میں فوج کو کہا گیا ہے کہ حکومت کو گرادیں جب کہ حکومت تو خود گرینڈ ڈائیلاگ کی بات کررہی ہے ، مولانا فضل الرحمان نے حکومت گرانے کی بھرپورکوشش کی مگر وہ ناکام رہے کیوں کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں خود اختلافات کاشکار ہوگئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں