بحرین سے اسلام آباد آنیوالی غیر ملکی پرواز بڑی تباہی سے بال بال بچ گئی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) غیر ملکی ائیر لائن کا طیارہ چراٹ کے قریب حادثے سے بال بال بچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق غیر ملکی ایئرلائن کا طیارہ چراٹ کے قریب حادثے سے بال بال بچ گیا۔ غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز بحرین سے اسلام آباد آ رہی تھی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق غیر ملکی ائیرلائن کا بوئنگ 789 طیارہ جب چراٹ کے قریب پہنچا تو موسم اچانک خراب ہوگیا۔اس وقت طیارہ 5 ہزار فٹ بلندی پر تھا، موسم کی خرابی کی وجہ سے گراؤنڈ پراکسی وارننگ سسٹم آن ہو گیا جس پر کپتان نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے فوری طور پر طیارے کا رُخ موڑا۔ کپتان کی بروقت کوشش اور حکمت عملی سے طیارہ کسی حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گیا۔ خیال رہے کہ آج صبح اسلام آباد ائیرپورٹ پر تیز ہواؤں

اور بارش سے فلائنگ کلب کا تربیتی طیارہ بھی اُلٹ گیا تھا جبکہ ائیرپورٹ کا ایک دروازہ اور 2 کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔فلائنگ کلب کا تربیتی طیارہ رات گئے تیز ہوا اور بارش کی وجہ سے اُلٹ گیا۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ فلائنگ کلب کے تربیتی طیارے کو نقصان بھی پہنچا ۔ طیارے کو نقصان حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے پہنچا۔ جہاز الٹنے کے باعث اس کے ٹیل ونگز اور ایک پر کو نقصان پہنچا۔ انجینئرز نے جہاز کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگانا شروع کردیا ہے۔ جبکہ طیارے کو نقصان پہنچنے کے بعد حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد ائیرپورٹ پر بارش سے ایمیگریشن ہال کی چھت ٹپک پڑی اور تیز ہواؤں سے چھت کی سیلنگ بھی نیچے گر گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں