حکومت کی عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاری

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت کی عوام پر پیٹرول بم گرانے کی تیاری، وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری تیار کر لی۔ تفصیلات کے مطابق یکم جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری تیار کرلی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق یکم جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری تیار کرلی گئی ہے جس میں پیٹرول اور مٹی کے تیل کی قیمت میں معمولی اضافے جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھے جانے کی سفارش کی گئی ہے تاہم ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ کو حتمی منظوری کے

لیے سمری بھجوادی گئی ہے تاہم وزیراعظم عمران خان کی حتمی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ حکومت نے یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔ معاون خصوصی سیاسی روابط شہباز گل نے کہا تھا کہ اوگرا نے سمری میں قیمتیں 5سے 10روپے بڑھانے کی سفارش کی تھی، وزیراعظم نے پرانی قیمتیں برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت نہیں بڑھائی جائے گی۔ اوگرا کی سمری میں 5 سے 10 روپے اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔ وزیراعظم نے اسے نامنظور کر کے 16 اپریل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا کی سفارش کردہ قیمتیں لف ہیں۔ جو منظور نہیں کی گئیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل رمضان المبارک میں عوام کیلئے ریلیف فراہم کرتے ہوئے حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی تھی، وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول 1 روپے 79 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 32 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 21 پیسے جبکہ مٹی کا تیل 2 روپے 6 پیسے سستا کیا گیا تھا ، کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 108.56 روپے اور ڈیزل کی نئی قیمت 110.76 روپے فی لیٹر ہو گئی جب کہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 77 روپے 65 پیسے اور مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 80 روپے مقرر کی گئی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں