شاہد خاقان نے چوہدری نثار کو ن لیگ میں واپسی کا راستہ بتا دیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے چودھری نثار کی ن لیگ میں واپسی کا راستہ بتا دیا۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار ن لیگ میں آنا چاہتے ہیں تو پارٹی سے رابطہ کریں۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری نثار تین سال تک ن لیگ سے لاتعلق رہے۔چوہدری نثار نے اگر شہباز شریف سے جماعت میں آنے کا کہا ہے تو یہ بات جماعت میں رکھنا ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ جو آدمی مشکل وقت میں چھوڑ جائے ،جماعت میں اس سے متعلق رائے اچھی نہیں ہوتی۔

جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ چوہدری نثار کا ن لیگ سے تعلق نہیں، قبول کرنے کا سوال ہی نہیں بنتا۔ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان سے متعلق سوال پر مریم نواز نے کہا کہ چودھری نثار آزاد امیدوار ہیں، ان کا مسلم لیگ (ن )سے کوئی تعلق نہیں، ن لیگ انہیں کیوں قبول کریگی ، اس کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔دوسری جانب سینئر سیاستدان چوہدری نثار کے پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہوگئیں اور بدھ کو حلف اٹھائینگے ۔ذرائع کے مطابق چوہدری نثار علی ان کے پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے لیے معاملات طے پاگئے ہیں۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ بدھ کوپنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے، حلف برداری کے لیے وہ اسلام آباد سے لاہور جائیں گے۔چوہدری نثار اسپیکر پنجاب اسمبلی کی غیر حاضری کے باعث صوبائی اسمبلی کی رکنیت کا حلف نہیں اٹھاسکے تھے۔چوہدری نثار بروز بدھ پنجاب اسمبلی کا حلف اٹھائیں گے، وہ گزشتہ روز حلف اٹھانے کیلیے پنجاب اسمبلی آئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں