شہباز شریف کو لندن جانے سے روکنے والے سب انسپکٹر کو بڑے انعام سے نواز دیا گیا

لاہور(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو ائیرپورٹ پر لندن جانے سے روکنے والے سب انسپکٹر کو انعام سے نواز دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہورائیرپورٹ پر شہبازشریف کو روکنے والے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سب انسپکٹر رانا اعجاز کو کیش پرائز اور تعریفی سرٹیفکیٹ ڈائریکٹر زون ون ڈاکٹر رضوان نے جا ری کیا۔سرٹیفکیٹ کے مطابق انسپکٹر رانا اعجاز نے پیشہ وارانہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق سب انسپکٹر اعجاز احمد نے بغیر کسی دباؤ کے شہباز شریف کو سفر کرنے سے روکا تھا۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ سب انسپکٹر نے لسٹ میں نام ہونے کے باعث شہباز شریف کو باہر جانے سے روکا جو قابل تحسین ہے۔ایف آئی اے امیگریشن کے سب انسپکٹررانا اعجاز کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور 10ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔یاد رہے کہ 7 مئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنے علاج معالجے کے لیے عدالت سے اجازت لینے کے بعد لندن روانگی کے لیے لاہور ائیرپورٹ پر پہنچےلیکن قانونی پیچیدگیوں کو دور نہ کیا اور اپنا نام بلیک لسٹ کیٹگری میں سے نکلوانے کے لئے اقدامات نہیں کئے تھے۔ شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ میں شامل ہونے پر انہیں سفر کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔جبکہ گذشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ سے نکلوانے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت لاہور ہائیکورٹ جسٹس باقر علی نجفی نے کی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے آغاز پر شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حکومت نے شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کردیا اور اسی صورت میں یہ درخواستیں قابل پیش رفت نہیں رہیں لہٰذا درخواستیں واپس لینے کی اجازت دے ۔جبکہ سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ادارے جتنے حکومت کے ہیں اتنے ہی عام شہری کے بھی ہیں۔ جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کو درخواستیں واپس لینے کی اجازت دے دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں