بحرین کی جانب سے تحفہ، پاک بحریہ کا جہاز کورونا سے بچاؤ کا طبی سامان لے کر کراچی پہنچ گیا

کراچی (نیوز ڈیسک) پاک بحریہ کا جہاز کورونا وباء سے بچاؤ کا طبی سامان لے کر کراچی کی بندرگاہ پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کا جہاز بحرین سے کورونا سے بچاؤ کا طبی سامان لے کر کراچی کی بندرگاہ پہنچا ہے ، طبی سامان کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر پاکستان لایا گیا ہے ، سامان میں ادویات اور دیگر طبی آلات شامل ہیں ، طبی سامان سے میڈیکل ایمرجنسی کی صورتحال میں مدد ملے گی۔ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ ہر قسم کے حالات میں اپنی خدمات پیش کرتی ہے ، بحرین کی جانب سے طبی سامان تحفے میں دیا گیا ، اس اقدام سے بحرین اور پاکستان کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس کے باعث آج مزید 76 افراد جاں بحق ہوگئے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 379 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ، پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 877,130 ہوگئی ، جن میں سے اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد68 ہزار 819 ہے، جن میں سے 4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔علاوہ ازیں ملک بھر میں 30 برس اور اس سے زائد عمر کے افراد کی کورونا وائرس کی ویکسی نیشن کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا ، حکومت نے 30 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے ویکسین رجسٹریشن کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت ملک بھر میں 30 برس اور اس سے زائد عمر کے افراد کی کورونا وائرس کی ویکسی نیشن کے لیے رجسٹریشن کا آغاز ہوچکا ہے ، این سی او سی نے عوام سے ترجیحی بنیادوں پر ویکسی نیشن کے لیے رجسٹریشن کرنے کی اپیل کی ہے ، جب کہ پنجاب اور اسلام آباد میں کورونا ویکسی نیشن کے مراکز دوبارہ کھل گئے ہیں ، اس کے علاوہ ایکسپو سینٹر کراچی میں بھی ویکسینیشن جاری ہے۔نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ تیس سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے کورونا وائرس کی ویکسین کی رجسٹریشن کھول دی گئی ہے ، کورونا وائرس کی ویکسین کی سپلائی میں بہتری آرہی ہے، وفاق کی تمام اکائیوں میں ویکسین کی استعداد کار بڑی ہے ، اسی لیے کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کے ہر فرد کی کیٹگری میں اضافہ جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں