وزیرستان میں قبل از وقت عید الفطر کا اعلان کرنے والوں کی شامت آگئی، سخت قدم اٹھالیا گیا

وزیرستان( نیوز ڈیسک )قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میر علی میں قبل از وقت عید الفطر کا اعلان کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اے ایس آئی تھانہ میر علی کی مدعیت میں عید کا اعلان کرنے والے 9 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں رمضان آرڈیننس اور 16 ایم پی او سمیت مختلف دفعات شامل ک گئی ہیں۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق مولانا رفیع اللہ نے مسجد کے لاؤڈ اسپیکر سے کل عید منانے کا اعلان کیا تھا، مسجد سے آج بروز بدھ شہریوں کو روزہ نہ رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں آج عید الفطر منانے کا اعلان کردیا گیا تھا۔یہ اعلان رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کی جانب سے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا گیا تھا۔شمالی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا تھا کہ شمالی وزیر ستان کے علاقے حیدر خیل میں 20 افراد نے چاند دیکھنے کا دعویٰ کیا ہے لہٰذا وزیرستان میں کل عید الفطر منائی جائے گی۔ انہوں نے ان افراد کے ناموں کی فہرست بھی جاری کی تھی جنہوں نے چاند دیکھنے کا دعویٰ کیا تھا۔لیکن بعد ازاں شمالی وزیرستان کے کچھ لوگوں اور علماء کی جانب سے 12 مئی کو عید منانے کے اعلان کے بعد کئی علماء نے فوری طور پر ردعمل دیتے ہوئے اس اعلان کو مسترد کر دیا تھا۔ان علماء کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ حیدر خیل نامی ایک گاوں کے علاوہ شمالی وزیرستان کے باقی تمام علاقوں میں 12 مئی کو روزہ رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں