عمران خان آلو، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں تو سنبھال نہیں پا رہے ملک کیا چلائیں گے؟ بلاول بھٹو

کراچی(نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ہوش کے ناخن لیں ، عمران خان آلو، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں تو سنبھال نہیں پا رہے ملک کیا چلائیں گے؟پیپلز پارٹی وفاق میں حکومت بنا کر ملک بھر بے نظیر کارڈ جاری کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی ماہانہ شرح 11 اعشاریہ 1 اور سالانہ 14 اعشاریہ 1 فیصد تک پہنچ چکی ہے جب کہ پی آئی کے مطابق مہنگائی کی شرح 16 اعشاریہ 6 فیصد ہے اور ایس پی آئی کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح 21 اعشاریہ 3 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کا ہر گزرتا دن مہنگائی کا طوفان لا رہا ہے ، جب گندم اور گنا پیدا کرنے والا ملک چینی اور آٹا درآمد کرے گا تو کیسے ملک چلے گا؟ عمران خان آلو، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں تو سنبھال نہیں پا رہے ملک کیا چلائیں گے؟ رمضان المبارک میں مختصر افطار کے دسترخوان عمران خان کی نااہلی کی داستانیں سنا رہے ہیں۔خیال رہے رہے کہ ملک میں جاری مہنگائی میں اپریل کے مہینے میں مزید اضافہ ہوگیا ، ادارہ شماریات نے ماہانہ اعداد و شمار جاری کردیئے ، ادارہ شماریات نے ماہانہ اعداد و شمار میں بتایا ہے کہ اپریل کے مہینے میں مہنگائی میں مزید 1 اعشاریہ 03 فیصد اضافہ ہوا اور اپریل 2020ء کے مقابلے میں 2021ء میں مہنگائی کی شرح 11 اعشاریہ 01 فیصد تک پہنچ گئی جب کہ رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں مہنگائی کی شرح 8 اعشاریہ 62 فیصد ریکارڈ کی گئی ، ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں ٹماٹر 67 اعشاریہ 70 ، آلو 15 اعشاریہ 81 فیصد جب کہ دیگر سبزیاں 29 اعشاریہ 55 مہنگی ہوئیں ، ایک ماہ میں مرغی 7 اعشاریہ 31 ، خوردنی تیل 3 اور مسالحہ جات 1اعشاریہ 54 فیصد مہنگے ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں