بھارت میںکتنے لاکھ مریض لقمہ اجل بن گئے؟دل دہلادینے والی تفصیلات

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) نئی دہلی سے موصولہ رپورٹوں میں آج اتوار کے روز جاری کردہ حکومتی اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران آبادی کے لحاظ سے دنیا کے اس دوسرے سب سے بڑے ملک میں کووڈ انیس کے مزید 3,689 مریضوں کا انتقال ہو گیا۔یوں اس جنوبی ایشیائی ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے لگنے والی بیماری کووڈ انیس کے باعث ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد اب دو لاکھ پندرہ ہزار چھ سو کے قریب ہو گئی ہے۔اس کے علاوہ کل ہفتہ یکم مئی کو ملک میں اس وائرس کی مزید تقریباﹰ تین لاکھ ترانوے ہزار نئی انفیکشنز بھی ریکارڈ کی گئیں۔

اس طرح آج اتوار کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد بھی 19.5 ملین ہو گئی۔بھارت میں کورونا وائرس کی موجودہ لہر اتنی شدید ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے وہاں نئے بیمار پڑنے والے افراد اور ہلاک شدگان کی روزانہ تعداد کے نئے سے نئے ریکارڈ دیکھنے میں آ رہے ہیں۔گزشتہ دس دنوں سے وہاں نئی انفیکشنز کی روزانہ تعداد مسلسل تین لاکھ سے زیادہ ہی رہتی ہے۔ اس کے علاوہ کل ہفتہ ایسا مسلسل چوتھا دن تھا کہ ملک بھر میں کووڈ انیس کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی یومیہ تعداد تین ہزار سے زائد رہی۔بھارت کو اس وقت اس عالمی وبا کی دوسری لہر کا سامنا ہے۔کل یکم مئی کی صبح جاری کردہ یومیہ سرکاری ڈیٹا کے مطابق کورونا کے نئے متاثرین کی تعداد چار لاکھ سے بھی زیادہ رہی تھی۔ یوں عالمی سطح پر بھارت دنیا کا وہ پہلا ملک بن گیا تھا، جہاں صرف ایک دن میں چار لاکھ سے زائد نئی انفیکشنز رجسٹر کی گئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں