سعودی عرب میں شرمناک کام میں ملوث پاکستانی گینگ پکڑا گیا

ریاض(نیوز ڈیسک)سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی تارکین باعزت طریقے سے اپنا روزگار کما رہے ہیں۔ ان پاکستانیوں نے ویران اور غیر ترقی یافتہ سعودی مملکت کو ایک جدید ترین ، خوش حال اور ترقی یافتہ ریاست بنانے میں بہت بڑا کردار ادا کیا ہے، جس کی سعودی حکومت بھی معترف ہے۔ تاہم چند سو افراد ایسے بھی ہیں جو جرائم، غیر قانونی حرکات اور تشدد پسند رویئے کی وجہ سے پاکستانی کمیونٹی کے لیے رسوائی اور شرمساری کا باعث بنتے ہیں۔ماضی میں ایسے کئی واقعات پیش آتے رہے ہیں۔اب ریاض میں چوری کی ایک بڑی واردات میں ملوث 6 پاکستانی گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

ریاض ریجن کے پولیس ترجمان میجر خالد الکریدیس نے بتایا کہ 6 پاکستانیوں کو گرفتار کیا گیا ہے جنہوں نے ایک کمیونیکیشن کمپنی کے ہیڈکوارٹر میں داخل ہو کر وہاں سے 70 ہزار ریال اور 1 لاکھ 30 ہزار ریال مالیت کے ری چارج کارڈ چرائے تھے۔چوری کی اس بڑی واردات کے بعد پولیس نے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جس نے ملزمان کا سراغ لگا کر ان کے ٹھکانوں سے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان کی عمریں 20 سے 40سال کے درمیان ہیں۔ یہ ملزمان مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔ ملزمان کے ٹھکانے سے چرائی گئی رقم کا کچھ حصہ بھی برآمد ہو گیا ہے، اس کے علاوہ چوری شدہ کارڈز بھی مل گئے ہیں۔ ملزمان کے چوری کے الزام کے تحت مقدمہ درج کر کے سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جو ان سے تفتیش مکمل کرنے کے بعد انہیں جلد عدالت پیش کرے گا ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی جدہ میں جعلسازی میں ملوث ایک پاکستانی گینگ پکڑا گیا تھا جو بنگالی تارکین کے ساتھ مل کر صفائی کا غیر معیاری سامان تیار کر رہا تھا۔مکہ مکرمہ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ غیر معیاری سامان تیار کر کے مارکیٹ میں فروخت کرنے والے 10 غیر ملکیوں کو گرفتاری کر لیا گیا ہے جن میں سے 6 کا تعلق پاکستان جبکہ 4 کا بنگلہ دیش سے ہے۔ملزمان کی عمریں 30 سے 40 سال کے درمیان ہیں۔ جبکہ ایک ملزم غیر قانونی طور پر مقیم ہے۔پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ان ملزمان کو مالیاتی دھوکا دہی کے جُرم میں گرفتار کیاگیا ہے۔ ملزمان نے ایک گودام میں

صفائی کا غیر معیاری میٹریل تیار کرنے کا کام شروع کر رکھا تھا۔ جسے یہ ایک معروف برانڈ کی پیکنگ میں بھر کر جدہ اور دیگر علاقوں میں کم قیمت پر فروخت کیا کرتے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے کلینزنگ میٹریل کے پانچ ہزار تیار ڈبے برآمد ہوئے ہیں۔ جنہیں ضبط کر لیا گیا ہے اور ان ملزمان کو تجارتی دھوکا بازی کے جُرم میں مقدمہ درج کرنے کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیاگیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں