شاہد خاقان ایک جوتا ماریں گے تو دوسری طرف سے 100 مارے جائیں گے،حکومت کا سابق وزیراعظم کو جواب

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کو ایوان میں بات کرنے کی تمیز نہیں، اسپیکر کے ساتھ نارواسلوک کی مذمت کرتا ہوں، ان کا رویہ ایسے ہوتا ہے جیسے سارے زمانے کا غم ان کو ہے،ن لیگ اور جےیوآئی ف کی لڑائی اسلام کیلئے نہیں، اسلام آباد کیلئے ہے۔ انہوں نے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کی اسپیکر قومی اسمبلی کے ساتھ تلخ کلامی پر اپنے ردعمل میں کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے جو اسپیکر قومی اسمبلی کو کہا اس کی مذمت کرتا ہوں۔شاہد خاقان عباسی کو ایوان میں بات کرنے کی تمیز نہیں۔ شاہد خاقان ایک جوتا ماریں گےتو دوسری طرف سے 100 جوتے مارے جائیں گے۔

بدقسمتی سے شاہد خاقان عباسی وزیراعظم رہ چکا ہے، ن لیگ اور جےیوآئی ف کی اسلام کیلئے نہیں اسلام آباد کیلئے لڑائی ہے۔جب پی ڈی ایم کا کوئی چورن نہیں بکا تو اسمبلی میں غنڈوں والا رویہ اختیار کیا گیا۔ ان کا رویہ ایسا ہوتا ہے جیسے سارے زمانے کا غم انہیں ہے۔اپوزیشن کو اصلاحات کی دعوت دے چکے ہیں۔ خیال رہے ایوان میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری سے متعلق حکومت کی جانب سے قرارداد پیش کی جانی تھی لیکن قرارداد ایک پرائیوٹ بندے کی طرف سے پیش کی۔ اور اپوزیشن کو قرارداد پر اعتماد میں بھی نہیں لیا گیا۔ جس پر تلخ کلامی ہوئی۔ شاہد خاقان عباسی نے اسپیکر ڈائس کے سامنے جاکر کہا کہ آپ کو شرم نہیں آتی، میں جوتا ماروں گا۔اسپیکر نے کہا کہ اپنی زبان درست کریں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ مل کر ساتھ بیٹھنا چاہیے، یہ ایسا مسئلہ ہے جس پر کوئی دورائے نہیں۔ یقین ہےکہ ہم ایک آواز ہوکر بات کرسکیں گے۔ اگر کمیٹی میں بھیجنا چاہے تو کمیٹی کے پاس جائیں وہاں سے جو سفارشات آئیں وہ بھی شامل کریں۔ آپس میں ایک دوسرے کیساتھ بیٹھیں، متفقہ دستاویز جو بھی ہوسکتا ہے ساتھ لے کرآئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں