سردار تنویر الیاس وسطی باغ سمیت تین حلقوں سے الیکشن لڑنے کیلئے پرعزم

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی و سنیئررہنما تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس وسطی باغ سمیت تین حلقوں سے الیکشن لڑنے کیلئے پرعزم ۔ کہتے ہیں وسطی باغ، راولاکوٹ اور نیلم سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ وہاں کے عوام کی خواہش پر کیا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں مرکزی سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے گفتگو کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ کارکن الیکشن کی تیاری کریں کرپٹ اور مفاد پرست ٹولے کو آزاد کشمیر سے نکال باہر کریں گے، سردار تنویر الیاس نے کہا کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر میں ایک بڑی سیاسی قوت بن چکی ہے، روایتی سیاسی جماعتیں

تحریک انصاف سے خوفزدہ ہوکر پروپیگنڈہ کررہی ہیں، مخالفین کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہونگے تحریک انصاف بھاری اکثریت سے آزاد کشمیر میں حکومت بنائے گی، ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی جیت کے بعد آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، آزاد کشمیر میں سیاحت کیلئے بے شمار مواقع موجود ہیں، روڈز اور انفراسٹریکچر کی بہتری سے سیاحوں کو آزاد کشمیر کی طرف مائل کیا جاسکتا ہے، سیاحت کے حوالے سے ہوٹلنگ کی بہتر سروسسز کی فراہمی، سیاحتی مقامات کی ڈویلپمنٹ سے آزاد کشمیر کو زر مبادلہ میں اضافہ ہوگا اور خطہ ترقی کرے گا، تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کررہی ہے، آزاد کشمیر میں نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی مکمل کرلی گئی ہے، تحریک انصاف کی حکومت آتے ہی آزاد کشمیر میں سیاحتی راہداری پر کام شروع کردیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں چھوٹی صنعتوں کو فروغ دیا جائے گا جس سے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونگے، ہم چاہتے ہیں پڑھے لکھے نوجوانوں کو مقامی سطح پر روزگار فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں