نشان شیر اور عمل گیدڑ والا ہو تو آپ بھاگ جاتے ہیں : سینیٹر شبلی فراز

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ الیکشن صاف وشفاف ہوں ، کیوں کہ سینیٹ ممبران سے متعلق تاثرجاتا ہے کہ وہ پیسے سے آتے ہیں ، ہمارے لیڈر کو اقتدار کی پرواہ نہیں ان کو اصولوں کی پرواہ ہے ، جب کہ کرپٹ ٹولہ عوام کی بجائے اپنے مفادات مدنظر رکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چھانگا مانگا سے سیاست شروع کرنیوالوں نےلوگوں کی خریدنےکی سیاست کی ، حالاں کہ انہوں نے اپنے معاہدے میں لکھا تھا کہ سینیٹ الیکشن کا نظام تبدیل کریں گے ، نشان چاہے شیر ہو لیکن عمل گیدڑ والا ہو تو آپ بھاگ جاتے ہیں ، شفاف الیکشن کی مخالف کرنے والے وہ ہیں جو چھانگا مانگا کے موجد تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اعتماد کا ووٹ لینے وزیراعظم نے دلیرانہ فیصلہ کیا ہے ، کل وزیر اعظم عمران خان اور بھی مضبوط ہوکر نکلیں گے ، کیوں کہ اتحادی جماعتیں ہمارے ساتھ ہیں ، اب اپوزيشن والے بھاگ کیوں رہے ہيں۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان ملک میں حقیقی جمہوریت کیلئے جدوجہد کررہےہیں ، کیوں کہ پیسے کے بل پر آنے والے اپنے مفادات کا ہی خیال رکھیں گے ، اسی لیے اپوزیشن جماعتیں ملک میں چھانگامانگا کی سیاست چاہتی ہیں ، یہی وجہ ہے کہ اپوزیشن نے سینیٹ الیکشن میں منافقت دکھائی ، پارلیمانی اجلاس میں صرف دوتین لوگ نہيں آئے ، انہوں نے بھی فون پر نہ آنےکی وجہ بتائی۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ، اجلاس میں 175 اراکین نے شرکت کی ، عامر لیاقت اور مونس الٰہی شریک نہیں ہوئے ، اجلاس میں پی ٹی آئی اوراتحادی جماعتوں کے ارکان کی شرکت کی ، جس میں وزیراعظم نےاعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلہ پرارکان کو اعتماد میں لیا اور کہا کہ وزیراعظم نے کہا جس رکن کومجھ پراعتماد نہیں وہ کھل کراظہارکرے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اس موقع پر پی ٹی آئی ارکان نےاجلاس میں وزیراعظم کےحق میں نعرےلگائے جب کہ خیبر پختونخواسے تعلق رکھنے والےارکان جذباتی ہوگئے اور کہا کہ وزیراعظم صاحب اپنا حلقہ ہم سنبھالیں گے ، آپ اپنے مقصد پر ڈٹے رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں