علی حیدر گیلانی کی جانب سے ووٹ خریدنے کی ویڈیو، اب الیکشن لڑنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں

لاہور (نیوز ڈیسک)وفاقی معاون خصوصی سیاسی روابط شہبازگل نے کہا ہے کہ ویڈیو آنے کے بعد یوسف رضا گیلانی انتخاب سے الگ ہوجائیں، اب الیکشن لڑنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں، الیکشن کمیشن کو یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دینے کی درخواست دیں گے، الیکشن کمیشن کو ویڈیو ایشو پرایکشن لینا چاہیے۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خریدوفروخت کی ویڈیو کے بعد یوسف رضا گیلانی کو فوری طور پر انتخاب سے الگ ہو جانا چاہیے۔یوسف رضا گیلانی کے پاس الیکشن لڑنے کا اب کوئی اخلاقی جواز نہیں بچتا۔ علی حیدر گیلانی کی ووٹ خریدتے ہوئے ویڈیو آنے کے بعد الیکشن کمیشن کو ایکشن لینا چاہیے۔

کسی بھی جمہوری قوم کیلئے ایسے شرمناک مناظر نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ یہ مناظر ایک دن میں نہیں ہوئے۔ کوئی انہیں چیلنج کرنے والا تھا نہ سوال کرنے والا۔ مافیاز کو چیلنج کرنے کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے۔آج سامنے آنے والی ویڈیو شرمناک ہے۔ سپریم کورٹ سے نااہل سابق وزیراعظم کا بیٹا ووٹ کا بھاؤتاؤ بتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی پر ہٹائے گئے۔ سندھ اسمبلی میں مارکٹائی ہوئی۔ ہمارے رکن سندھ اسمبلی کی ویڈیو ریکارڈ کرائی گئی۔ گیلانی صاحب کے صاحبزادے نے گل کھلایا، کرپشن کی ویڈیو سامنے آگئی۔ویڈیو ظاہر کرتی ہے مافیاز کس طرح متحرک ہیں۔ الیکشن کمیشن کو تحریری درخواست دیں گے کہ یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دیا جائے۔ ویڈیو پر معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہا کہ جیسا باپ ویسا بیٹا ! یہاں موروثی سیاست کے ساتھ موروثی کرپشن بھی، ویسے جمہوریت کے لیے ان کے بھاشن تو آپ سنتے رہتے ہیں اب کرتوت بھی دیکھ لیجیے۔ واضح رہے پیپلزپارٹی کے سینیٹ الیکشن میں امیدوار سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی مبینہ ویڈیو منظرعام پر آئی ہے۔ جس میں علی حیدر گیلانی مبینہ طور پرایک رکن کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں